انسانی خون کے قطروں سے بنے جوتوں کی فروخت بند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2021
شیطانی جوتوں  کی فروخت بند
شیطانی جوتوں کی فروخت بند

 

 

نئی دہلی

امریکی کمپنی نے انسانی خون کے قطروں سے بنے ’شیطانی جوتوں‘ کی فروخت بند کردی ہے ۔ کمپنی نے یہ فیصلہ عدالت کے حکم کے بعد کیا ۔ واضح رہے کہ انسانی خون کے قطرے کے ساتھ ’شیطانی جوتوں‘ کو بنانے پر امریکی کمپنی ’ایم ایس ایچ ایف‘ کے خلاف ’نائیکی‘ عدالت میں چلی گئی تھی۔

’نائیکی‘ نے ’ایم ایس ایچ ایف‘ کمپنی کے خلاف نیویارک کی عدالت میں رجوع کیا اور دعویٰ کیا تھا کہ جوتے بنانے والی کمپنی نے ان کا ڈیزائن چوری کیا ہے ۔ ’نائیکی‘ نے درخواست میں کہا تھا کہ دوسری امریکی کمپنی نے ان کے جوتوں کا ڈیزائن چوری کیا اور لوگ یہ سمجھ بیٹھے کہ ڈیزائن کی اجازت نائیکی نے دی ہے جس کی وجہ سے ان کا نام بدنام ہو رہا ہے۔

نائیکی کا کہنا تھا کہ ان کا نام اس لیے بدنام ہو رہا ہے، کیوں کہ مذکورہ جوتوں کے تلووں میں سیاہی اور انسانی خون کے قطرے موجود ہیں۔ نائیکی کی درخواست کے بعد اب امریکی عدالت نے ’ایم ایس ایچ ایف‘ کو نہ صرف مزید نئے جوتے بنانے سے روک دیا بلکہ بنائے گئے جوتوں کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی ہے ۔

عدالتی فیصلے کے بعد کمپنی نے بنائے گئے 666 جوتوں کی ڈیلیوری بھی روک دی، کمپنی کے تمام ہی تیار کیے گئے جوتے متعارف کرائے جانے کے ایک منٹ بعد ہی آن لائن فروخت ہوگئے تھے مگر ان کی ڈیلیوری ابھی باقی تھی۔ عدالتی حکم کے بعد کمپنی نے ’شیطانی جوتوں‘ کی ڈیلیوری کو بند کرنے سمیت نئے جوتوں کی تیاری بھی روک دی تاہم ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ ’نائیکی‘ ان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔