نئی دہلی/ آواز دی وائس
شیئر بازار میں آج کئی دنوں کی گراوٹ کے بعد اچھال دیکھنے کو ملا۔ بی ایس ای سینسیکس 539.83 پوائنٹس بڑھ کر 82,726.64 پر بند ہوا، جبکہ این ایس ای نفٹی 159 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 25,219.90 پر پہنچا۔ سینسیکس کی 30 کمپنیوں میں سے ٹاٹا موٹرز، ماروتی، ایٹرنل (سابقہ زوماٹو)، ریلائنس، اڈانی پورٹس اور بھارتی ایئرٹیل کے حصص میں سب سے زیادہ منافع دیکھا گیا، جبکہ ٹائٹن، ٹاٹا اسٹیل، اور انفوسس جیسے شیئرز میں کمی رہی۔
ایشیائی بازاروں میں بھی مثبت رجحان رہا، جیسے جاپان کا نکّی 225، چین کا شنگھائی کمپوزٹ، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ اور جنوبی کوریا کا کوسپی منافع میں رہے۔ امریکی بازار بھی منگل کو مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ بین الاقوامی سطح پر برینٹ کروڈ 0.23 فیصد اضافے کے ساتھ 68.75 ڈالر فی بیرل رہا۔
تیزی کی اہم وجوہات
اسٹاک ماہرین کے مطابق، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، بھارتی ایئرٹیل، ریلائنس انڈسٹریز اور انفوسس جیسے بڑے شیئرز میں خریداری کی وجہ سے ہندوستانی بازار میں تیزی واپس آئی۔ اس کے علاوہ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے جاپان کے ساتھ تجارتی معاہدے کے اعلان نے عالمی بازاروں میں مثبت اشارے دیے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور جاپان کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت امریکہ میں جاپانی درآمدات پر 15 فیصد ٹیکس لگے گا۔ اس معاہدے کے بعد امید ہے کہ امریکہ جلد ہی ہندوستان اور چین جیسے بڑے ممالک کے ساتھ بھی تجارتی معاہدے کرے گا۔