نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار نے جمعرات کو مثبت رجحان کے ساتھ آغاز کیا۔ ابتدائی کاروبار میں سینسیکس 407 پوائنٹس بڑھ کر 83,013.10 تک پہنچ گیا، جبکہ نِفٹی 104 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 25,427.55 پر کھلا۔ بازار کھلتے ہی تمام اہم انڈیکس سبز نشان میں تجارت کر رہے تھے، جس سے سرمایہ کاروں کے چہروں پر اطمینان نظر آیا۔
ایک ماہ بعد نِفٹی 25,400 کے پار
نِفٹی 50 نے 19 ستمبر کے بعد پہلی مرتبہ 25,400 کا سطح عبور کیا ہے۔ صبح 9 بج کر 26 منٹ تک بی ایس ای سینسیکس 364 پوائنٹس (0.44فیصد) کی تیزی کے ساتھ 82,969.45 پر تھا، جبکہ نِفٹی 50 انڈیکس 102 پوائنٹس (0.41فیصد) کی بڑھت کے ساتھ 25,426.40 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
اڈانی گروپ کے شیئرز میں تیزی
آج کے کاروبار میں اڈانی گروپ کے زیادہ تر شیئرز سبز نشان میں دکھائی دیے۔ اڈانی انٹرپرائزز 1.63فیصد بڑھ کر 2,574 پر پہنچا، جبکہ ادانی گرین انرجی میں 1.84فیصد کی تیزی رہی اور یہ 1,063 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اڈانی ٹوٹل گیس 1.20فیصد کی بڑھت کے ساتھ ₹626.45 پر پہنچا، جبکہ اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون 1.59فیصد بڑھ کر 1,473.70 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اڈانی انرجی سولیوشنز بھی 1.46فیصد بڑھ کر 958 پر پہنچ گیا۔
سینسیکس کے ٹاپ گینرز
سینسیکس میں آج جن کمپنیوں کے شیئرز میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، ان میں ایکسس بینک، ادانی پورٹس، ٹائٹن، کوٹک بینک، مہندرا اینڈ مہندرا، بی ای ایل، ٹاٹا موٹرز، این ٹی پی سی اور ایچ سی ایل ٹیک شامل رہے۔ وہیں، اِنفوسس، ٹیک مہندرا، ٹی سی ایس، ٹاٹا اسٹیل اور سن فارما کے شیئرز میں گراوٹ درج کی گئی۔
مڈ کیپ اور اسمال کیپ شیئرز میں بھی چمک
وسیع تر بازار میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ نِفٹی مِڈ کیپ انڈیکس 0.23فیصد بڑھا، جبکہ نِفٹی اسمال کیپ انڈیکس 0.56فیصد کی تیزی کے ساتھ ٹریڈ کر رہا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی مڈ اور اسمال کیپ شیئرز میں برقرار ہے۔
سیکٹر کی کارکردگی
اگر سیکٹرز کی بات کی جائے تو نِفٹی آٹو اور نِفٹی پرائیویٹ بینک انڈیکس میں 0.8فیصد کی تیزی رہی، جبکہ نِفٹی ریئلٹی انڈیکس 0.6فیصد بڑھا۔ دوسری جانب، نِفٹی آئی ٹی انڈیکس سرخ نشان میں رہا اور 0.14فیصد گرا، کیونکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے شیئرز کا مظاہرہ ملا جلا رہا۔
عالمی بازاروں سے مثبت اشارے
ایشیائی بازاروں میں آج مضبوطی دیکھی گئی، جبکہ امریکی بازار بدھ کے روز زیادہ تر سبز نشان میں بند ہوئے۔ امریکہ کے بڑے بینکوں کے بہتر مالی نتائج نے عالمی مارکیٹ کے جذبے کو مضبوط کیا ہے۔ ان مثبت عالمی اشاروں کا اثر آج ہندوستانی بازار پر بھی واضح طور پر دیکھا گیا۔