نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار میں آج توقع کے مطابق گراوٹ کے ساتھ شروعات ہوئی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے فارما پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے اعلان کے بعد بازار دباؤ میں نظر آیا اور دونوں بڑے اشاریے بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی سرخ نشان پر کھلے۔ پچھلے ہفتے ایچ 1-بی ویزا پابندیوں کے اعلان کے بعد ٹرمپ کا یہ دوسرا بڑا فیصلہ ہے جس سے بازار کو جھٹکا لگا ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر منفی اثر پڑا ہے۔ عالمی بازاروں میں کمزور رجحان نے بھی گھریلو شیئر بازاروں میں مندی کے رجحان کو اور بڑھا دیا۔
آج ابتدائی کاروبار میں سینسیکس 329.66 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 80,830.02 پر اور نِفٹی 105.7 پوائنٹس گر کر 24,785.15 پر پہنچا۔ بینک نِفٹی میں بھی 178.30 پوائنٹس کی کمی درج کی گئی اور یہ 54,797.90 کی سطح پر کھلا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے سن فارما کے شیئر میں تین فیصد سے زیادہ کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ ایشیان پینٹس، ٹیک مہندرا، انفوسس، پاور گرڈ، ایچ سی ایل ٹیک اور ٹاتا اسٹیل کے شیئر بھی نقصان میں رہے۔ دوسری طرف لارسن اینڈ ٹوبرو، ٹاٹا موٹرز، آئی ٹی سی اور ٹرینٹ کے شیئر فائدے میں رہے۔
ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکّئی، چین کا شنگھائی ایس ایس ای اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہے۔ امریکی بازار جمعرات کو منفی رجحان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ 0.17 فیصد کی بڑھت کے ساتھ 69.54 ڈالر فی بیرل پر رہا۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کارجمعرات کو فروخت کنندہ رہے اور انہوں نے خالص طور پر 4,995.42 کروڑ روپے کے شیئر بیچے۔