اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-06-2025
اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ
اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مقامی شیئر بازار میں گراوٹ کا سلسلہ بدھ کو دوسرے کاروباری دن بھی جاری رہا۔ بی ایس ای سینسیکس میں 139 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے کو ملی، جبکہ این ایس ای نفٹی بھی 41 پوائنٹس کے نقصان میں بند ہوا۔ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور امریکہ کے فیڈرل ریزرو کی پالیسی شرح سود کے فیصلے سے قبل سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث بازار میں مندی آئی۔
تیس کمپنیوں پر مبنی بی ایس ای سینسیکس ابتدائی فائدہ کھو بیٹھا اور آخر میں 138.64 پوائنٹس یعنی 0.17 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 81,444.66 پر بند ہوا۔ صبح کے کاروبار میں انڈیکس ایک موقع پر 81,858.97 کے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، لیکن بعد میں اس میں گراوٹ آگئی۔ دن کے دوران سینسیکس ایک وقت میں 346.29 پوائنٹس تک گر گیا تھا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 41.35 پوائنٹس یعنی 0.17 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24,812.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز، اڈانی پورٹس، ہندستان یونی لیور، نیسلے، بجاج فنسرو اور این ٹی پی سی کو نقصان ہوا۔
دوسری طرف، جو حصص فائدے میں رہے ان میں انڈس انڈ بینک، ٹائٹن، مہندرا اینڈ مہندرا اور ماروتی شامل تھے۔ جیو جیت انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے تحقیقاتی سربراہ ونود نائر نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث گھریلو بازار ابتدائی بڑھت کو برقرار نہیں رکھ سکے۔ تاہم، مانگ میں بہتری کی امید کے تحت گاڑیوں اور صارفین کے طویل مدتی اشیاء سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں تیزی آئی۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے منگل کے روز 1,482.77 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔ گھریلو ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ڈی آئی آئی) نے بھی پچھلے کاروباری دن میں 8,207.19 کروڑ روپے کے شیئرز خریدے۔
ایشیا کے دیگر بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکی 225 اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ مثبت رجحان میں رہے، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہا۔
یورپ کے اہم بازاروں میں دوپہر کے کاروبار کے دوران تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جبکہ امریکی بازار منگل کے روز گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ عالمی تیل کا معیار برینٹ کروڈ 1.35 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 75.42 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
بی ایس ای سینسیکس منگل کے روز 212.85 پوائنٹس گرا تھا، جبکہ این ایس ای نفٹی میں 93.10 پوائنٹس کی کمی آئی تھی۔