اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-10-2025
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار میں آج مثبت آغاز ہوا۔ بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی دونوں سبز نشان پر کاروبار کرتے نظر آئے۔ اس ماہ کے آخر میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں کٹوتی کے امکانات کے سبب ایشیائی بازاروں میں آئی تیزی کو دیکھتے ہوئے، بدھ کے روز ہندوستانی شیئر مارکیٹ میں بڑھت دیکھنے کو ملی۔
صبح 9:15 بجے تک نفٹی 0.14 فیصد بڑھ کر 25,181.95 پر پہنچ گئی، جبکہ بی ایس ای سینسیکس 0.2 فیصد بڑھ کر 82,197.25 پر رہا۔ ابتدائی کاروبار میں بی ایس ای سینسیکس 354.57 پوائنٹس چڑھ کر 82,384.55 پر پہنچ گیا اور این ایس ای نفٹی 109.55 پوائنٹس کی بڑھت کے ساتھ 25,255.05 پر بند ہوا۔ 16 اہم شعبوں میں سے 15 سبز نشان پر آگے بڑھے۔ مڈ کیپ اور اسمال کیپ میں 0.3 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔
منگل کو فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول نے کہا کہ امریکی لیبر مارکیٹ کمزور بنی ہوئی ہے، جبکہ معیشت مضبوط حالت میں نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے امکانات میں ستمبر سے کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے، جب مرکزی بینک نے شرحِ سود میں 25 بنیاد پوائنٹس کی کمی کی تھی۔
سینسیکس میں ان کمپنیوں کو فائدہ اور نقصان
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے ایشیئن پینٹس، این ٹی پی سی، بجاج فنانس، ہندوستان الیکٹرانکس، بجاج فِن سَرْو اور پاور گرڈ کے شیئرز منافع میں رہے۔ تاہم ٹیک مہندرا، ایکسس بینک، اِنفوسِس اور ٹائٹن کے شیئرز نقصان میں رہے۔ ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی, جاپان کا نکّی 225, شنگھائی کا ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ مثبت دائرے میں کاروبار کر رہے تھے۔
امریکی بازار منگل کے روز ملے جلے رجحان کے ساتھ بند ہوئے۔ بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ 0.19 فیصد کی کمی کے ساتھ 62.27 ڈالر فی بیرل پر رہا۔ شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار منگل کے روز فروخت کنندہ رہے اور انہوں نے مجموعی طور پر 1,508.53 کروڑ روپے کے شیئر فروخت کیے۔