ہر33 گھنٹے میں10 لاکھ لوگ غریب ہورہے ہیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
ہر33 گھنٹے میں10 لاکھ لوگ غریب ہورہے ہیں
ہر33 گھنٹے میں10 لاکھ لوگ غریب ہورہے ہیں

 

 

 

ڈیووس: پوری دنیا میں ہر 33 گھنٹے بعد 10 لاکھ لوگ غربت کے گڑھے میں جا رہے ہیں۔ اس شرح سے اس سال کم از کم 26.30 کروڑ لوگوں کے غربت کی لکیر سے نیچے جانے کی امید ہے۔

آکسفیم انٹرنیشنل نے یہ دعویٰ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر 'درد سے فائدہ اٹھانا' کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ دہائیوں کے مقابلے تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس ڈیووس میں جاری ہے۔ آکسفیم انٹرنیشنل نے پیر کو اپنی رپورٹ میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران دنیا میں ہر 30 گھنٹے بعد ایک نیا ارب پتی سامنے آیا۔

اس کے برعکس اس سال اب ہر 33 گھنٹے میں 10 لاکھ افراد انتہائی غربت کے گڑھے میں جائیں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ایک بین الاقوامی تنظیم ہے۔ اس کا اجلاس دو سال سے زائد عرصے کے بعد ڈیووس میں ہو رہا ہے۔

آکسفیم کی ایک رپورٹ کے مطابق وبائی امراض کے دوران ہر 30 گھنٹے بعد ایک نیا ارب پتی سامنے آیا ہے۔ اس دوران کل 573 افراد نئے ارب پتی بنے۔ تنظیم نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ اس سال ہر 33 گھنٹے میں 10 افراد کی شرح سے 26.30 کروڑ لوگ انتہائی غربت کا شکار ہو جائیں گے۔

کووڈ-19 کے پہلے دو سالوں میں ارب پتیوں کی دولت میں پچھلے 23 سالوں کے مقابلے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کے ارب پتیوں کی کل دولت اب عالمی جی ڈی پی کے 13.9 فیصد کے برابر ہے۔

یہ 2000 میں 4.4 فیصد تھی جو تین گنا بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ارب پتیوں کی خوش قسمتی اس لیے نہیں بڑھی کہ وہ محنت کر رہے ہیں بلکہ اس میں اضافہ نجکاری اور اجارہ داری کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے دنیا کی دولت کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے اور اپنی دولت 'ٹیکس ہیون' ممالک میں چھپا رہے ہیں۔