مکیش جیو کے ڈائریکٹر کے عہدے مستعفیٰ ، آکاش امبانی نئے چیئرمین مقرر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 28-06-2022
مکیش جیو کے ڈائریکٹر کے عہدے مستعفیٰ ، آکاش امبانی نئے چیئرمین مقرر
مکیش جیو کے ڈائریکٹر کے عہدے مستعفیٰ ، آکاش امبانی نئے چیئرمین مقرر

 

 

ممبئی : ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی نے جیو ٹیلی کام کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے بیٹے آکاش امبانی کو جیو کا نیا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ کمپنی کے بورڈ نے آکاش کی تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ جیو ملک کی سرکردہ 4جی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔ کمپنی نے اس تبدیلی کی اطلاع سیبی کو بھی دی ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں مکیش امبانی نے کمپنی کی قیادت میں تبدیلی کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ بڑے اہداف کے حصول کے لیے نئی قیادت کو آگے لانا ہو گا۔ اس وقت بھی یہ قیاس آرائیاں تھیں کہ وہ جیو کی کمان نئی نسل کو سونپنا چاہتے ہیں۔ تاہم، پھر انہوں نے اس تبدیلی کی وقت کی حد نہیں بتائی۔

دنیا کے امیر ترین تاجر مکیش امبانی اپنی 16 لاکھ کروڑ روپے کی سلطنت کو اگلی نسل کے حوالے کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ وہ چاہتے ہیں کہ والد دھیرو بھائی امبانی کی موت کے بعد ان کے بیٹوں اور بیٹی کے درمیان بھائی انل امبانی کے ساتھ حصہ داری کو لے کر تنازعہ نہ ہو۔ ایسے میں منگل کو مکیش امبانی نے ریلائنس جیو کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ریلائنس جیو کے بورڈ نے ان کے بیٹے آکاش امبانی کی بورڈ کے چیئرمین کے طور پر تقرری کو منظوری دے دی ہے۔

پنکج موہن پوار کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 27 جون کو منعقد ہوا جس میں یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔ بورڈ نے رامندر سنگھ گجرال اور کے وی چودھری کو کمپنی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ تقرری 27 جون 2022 سے 5 سال کے لیے ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز کے حصص بی ایس ای پر 1.49 فیصد بڑھ کر 2,529 روپے پر بند ہوئے۔