امیزن اور فلپ کارٹ کو قانونی جھٹکا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
 جانچ کے خلاف عرضی خارج
جانچ کے خلاف عرضی خارج

 

 

بنگلورو : کرناٹک ہائی کورٹ سے بڑی ای کامرس کمپنیوں امیزن اور فلپ کارٹ کو جھٹکا لگا ہے ۔ دراصل ہائی کورٹ نے کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا ( سی سی آئی ) جانچ کے خلاف عرضی خارج کردی ہے ۔

ہائی کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ سی سی آئی امیزن اور فلپ کارٹ کے خلاف مقابلہ آرائی سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کی جانچ کرسکتا ہے ۔

 یہ معاملہ تقریبا 18 مہینے پہلے شروع ہوا تھا ، جب دہلی میں اسمال اور میڈیم بزنس مالکان کی نمائندگی کرنے والے گروپ دلی ویاپار مہاسنگھ یعنی ڈی وی ایم نے ملک کی دو سب سے بڑی ای کامرس کمپنیوں امیزن اور فلپ کارٹ کے خلاف سی سی آئی میں ایک عرضی داخل کی تھی ، جس میں ان پر مبینہ مقابلہ آرائی مخالف رویہ اپنانے ، بہت زیادہ چھوٹ دے کر مس کنڈکٹ کرنے اور اپنے پسندیدہ دکانداروں کے ساتھ تال میل کے الزامات لگائے تھے ۔

 عدالت نے عبوری حکم میں دو ہفتہ کی توسیع کیلئے فلپ کارٹ کے سینئر وکیل کی عرضی کو بھی خارج کردیا ۔ یہ فیصلہ جسٹس پی ایس دنیش کمار نے سنایا ۔ امیزن اور فلپ کارٹ کے پاس اب یا تو ہائی کورٹ کی دو ججوں کی بینچ یا سپریم کورٹ میں جانے کا متبادل ہوگا ۔

 بتادیں کہ سی سی آئی نے دلی ویاپار مہا سنگھ سمیت کاروباری تنظیموں کی شکایت پر جنوری میں امیزن اور فلپ کارٹ کے خلاف مبینہ الزامات کی جانچ کا حکم دیا تھا ۔ اس کے خلاف امیزن نے فروری میں کرناٹک ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی ۔ ہائی کورٹ نے راحت دیتے ہوئے سی سی آئی جانچ کے حکم پر عبوری روک لگا دی تھی ۔