سعودی میں ملازمت : ہندوستانی ورکرز کے لیے نئی دہلی اور ممبئی میں پروفیشن ٹیسٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2022
 سعودی میں ملازمت : ہندوستانی  ورکرز کے لیے نئی دہلی اور ممبئی میں پروفیشن ٹیسٹ
سعودی میں ملازمت : ہندوستانی ورکرز کے لیے نئی دہلی اور ممبئی میں پروفیشن ٹیسٹ

 

 

نئی دہلی : سعودی عرب میں روزگار کےلیے آنے والے ہندوستانی ورکرز کا پروفیشن ٹیسٹ نئی دہلی اور ممبئی میں شروع کیا جائے گا۔ سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود مملکت میں ہنر مندوں کا معیار بلند کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وزارت چاہتی ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ میں اہل ہنر مند ورکرز آئیں تاکہ پیشہ ورانہ خدمات کا معیار بلند ہو اورغیر ہنر مند افراد کی آمد کا سلسلہ بند ہوسکے۔

سعودی وزارت افرادی قوت نے اہداف کے حصول کے لیے پروفیشن ٹیسٹ پروگرام متعارف کرایا ہے جو دو مراحل میں نافذ کیاجارہا ہے۔

پہلے مرحلے میں سعودی عرب آنے والے ورکرز کا پروفیشن ٹیسٹ خود ان کے اپنے ملک میں کرایا جاتا ہے، پھر سعودی عرب پہنچنے پر دوسرے مرحلے میں ایک اور پروفیشن ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔

سعودی حکومت نے پلمبنگ، بجلی، آٹو بجلی، ویلڈنگ، ریفریجریشن اور ایئر کنڈیشنگ شعبوں میں ورکرز کے لیے پروفیشن ٹیسٹ پروگرام شروع کیا ہے۔

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود 23 شعبوں میں پروفیشن ٹیسٹ متعارف کرانے کا عزم کیے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے بھی افرادی قوت کی بھرتی اور پروفیشن ٹیسٹ پروگرام سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے تحت ہنرمند اور تصدیق شدہ ملازمین کو سعودی عرب بھیجا جائے گا۔ ہنرمند ملازمین کی تصدیق پاکستان کی ٹیکنیکل افرادی قوت کو بیرون ملک ٹریننگ کے لیے اہل بنائے گی۔

کیا ہے پروفیشنل ٹیسٹ 

سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے لیے پیشہ ورانہ تصدیق کا قانون منظور ہونے کے بعد وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے پیشہ ورانہ ویزوں پر آنے والوں کی مہارت اور فنی صلاحیت کو چانچنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی جو وزارت محنت کے نام سے جانی جاتی تھی نے پروفیشن ٹیسٹ لینے کا اہتمام کیا ہے۔ پروفیشن ٹیسٹ کا سلسلہ مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طورپر بیرون ملک سے نئے ویزوں پر آنے والوں کے لیے یہ ٹیسٹ لازمی ہوگا۔

مقررہ اداروں میں پیشہ ورانہ مہارت کا ٹیسٹ دینے کے بعد کامیاب امیدواروں کے ویزے جاری کیے جائیں گے۔ مملکت میں مقیم غیر ملکی ہنرمند کارکنوں کے لیے پیشہ ورانہ ٹیسٹ کو اقامہ کی تجدید سے منسلک کیا جائے گا تاہم اس کے بارے میں مرحلہ وار پروگرام مرتب کیاجائے گا جو کمپنیوں اور وہاں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مقرر کیا جائے گا۔

مارچ کو وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق ’پیشہ ورانہ مہارت‘ ٹیسٹ کا آغاز وزارت افرادی قوت نے وزارت خارجہ اور قومی مرکز برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تعاون سے شروع کیا ہے۔

ٹیسٹ کا اہداف پیشہ ورانہ ٹیسٹ کے اہداف کے حوالے سے وزارت افرادی قوت کا کہنا تھا کہ مملکت میں موجود غیر ملکی کارکنوں کی صلاحیتوں کا درست اندازہ لگانے کے بعد انہیں کیٹگرائز کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد ایسی ہنرمند افرادی قوت کو مملکت کی مارکیٹ میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے جو اپنے پیشوں پر ہر طرح سے پورے اترتے ہوں۔

وزارت کا کہنا تھا کہ فنی ماہرین کے لیے پیشہ ورانہ ٹیسٹ سے لیبر مارکیٹ میں مزید بہتری آئے گی، علاوہ ازیں کارکنوں کو بھی ان کی صلاحیت کے مطابق ملازمت ملے گی جس سے نہ صرف آجر بلکہ اجیر کا بھی فائدہ ہو گا۔ ٹیسٹ سے مملکت کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ ایسے کارکن جو اپنے پیشہ میں ماہر نہیں وہ مارکیٹ سے نکل جائیں گے جس سے کام کا معیار بھی بلند ہو گا۔ پیشہ ورانہ ٹیسٹ سے مارکیٹ پر دباؤ میں کمی آئے گی۔ ساتھ ہی مناسب اور درست کارکنوں کو روزگار کے حصول کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

بیرون مملکت ٹیسٹ وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ صلاحیت ٹیسٹ کے لیے پہلے مرحلے میں بیرون مملکت سے نئے ویزوں پر آنے والوں کو شامل کیا گیا ہے۔ بیرون مملکت سے نئے ویزوں پر آنے والوں کو دو مراحل میں ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔

پہلے مرحلے میں ان افراد کا ٹیسٹ ان کے ملک میں ہی منظور شدہ فنی اداروں میں لیا جائے گا جب یہ کارکن مملکت پہنچیں گے تو ان کا دوبارہ امتحان لیا جائے گا،

جس سے اس امر کی یقین دہانی کی جائے گی کہ آنے والا شخص اس کام کی مکمل اہلیت رکھتا ہے یا نہیں۔ مملکت میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کا مقصد کارکن کے بارے میں درست رپورٹ حاصل کرنا ہے تاکہ معیار کو برقرار رکھا جا سکےاور ایسے کارکن مملکت کی لیبر مارکیٹ میں نہ آئیں جو اپنے پیشے میں مہارت نہیں ر کھتے۔