انڈین آئل کی پیشکش : شادیوں پر پیٹرول اور ڈیزل کے گفٹ واچرز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-11-2021
انڈین آئل کی پیشکش : شادیوں پر پیٹرول اور ڈیزل کے گفٹ واچرز
انڈین آئل کی پیشکش : شادیوں پر پیٹرول اور ڈیزل کے گفٹ واچرز

 

 

نئی دہلی : سرکاری آئل کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ نے صارفین سے اپنے چاہنے والوں کو شادیوں پر پیٹرول اور ڈیزل تحفتاً دینے کا آپشن دے دیا ہے۔  آئل کمپنی نے ٹویٹ کیا کہ ’اپنے پیاروں کی زندگی کے آغاز کو مزید خاص بنائیں۔ شادیوں کا جشن منانے کے لیے پرفیکٹ گفٹ، انڈین آئل کا ای واؤچر آج ہی لیں اور ان (پیاروں) پر محبت نچھاور کریں۔‘

انڈین آئل کی یہ پیشکش سوشل میڈیا صارفین کو بالکل نہ پسند آئی جس کی وجہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔

اجے نامی ٹوئٹر صارف نے اس پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فیول جہیز کے طور پر؟ ہم کس دور میں زندہ ہیں!‘ الیاس نامی صارف نے کمپنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’شرم کریں انڈین آئل، آپ نے انڈینز کی جیبوں کو لوٹا اور اب یہ سلی واؤچر تحفے میں

 ترنمول کانگریس کے ترجمان ساکت گوکھلے نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’یہ مذاق نہیں بلکہ انڈین آئل واقعی میں ایسے اشتہارات بنا رہی ہے اور ’فیول واؤچر‘ کو شادیوں پر تحفے دینے کا پیغام دے رہی ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’بنیادی طور پر شادی کرنے والوں کو پیٹرول اور ڈیزل تحفے میں دیں۔

ینگر لونگ کمار نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ ’انڈین آئل فیول گفٹ واؤچر بیچ رہا ہے۔ میں انتظار میں ہوں کہ قومی ہورٹی کلچر بورڈ اب ٹماٹر گفٹ واؤچر لے آئے۔‘

 سومیاجیت مجمدار نامی صارف نے طنزاً لکھا کہ ’کس نے سوچا تھے کہ ایک دن آپ شادیوں پر پیٹرول اور ڈیزل گفٹ کر رہے ہوں گے۔‘ انڈین آئل کی جانب سے ’فیول واؤچر‘ تحفے میں دینے کے اشتہارات پہلی بار نہیں چلے بلکہ اس سے قبل دیوالی پر بھی کمپنی نے لوگوں کے لیے ایسے ہی واؤچر متعارف کروائے تھے۔

 سوشل میڈیا صارفین کے غصے کی ایک بڑی وجہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ اس وقت  پیٹرول کی قیمت 104 سے 110 روپے ہے جبکہ ایک لیٹر ڈیزل 87 سے 94 روپے بک رہا ہے۔