ہند۔ سعودی تجارتی لین دین 33 ارب ڈالر پہنچ گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2021
مضبوط اتحاد
مضبوط اتحاد

 

 

 نئی دہلی: ریاض میں متعین انڈین سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان تجارتی لین دین 33 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

 العربیہ نیٹ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’دونوں ملک اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات گہرے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’اعداد و شمار کی زبان اس کا ٹھوس ثبوت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت تجارتی لین دین کا حجم 33 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

‘ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’سعودی عرب، خلیج، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے علاقے میں مضبوط ترین سفارتی تعلقات رکھنے والا اہم ملک ہے۔

 انڈین سفیر کا کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ان دنوں جو ادارہ جاتی عمل کی قیادت کررہے ہیں وہ عمدہ پیشرفت ہے۔ اقتصادی، سیاسی اور سماجی پہلوؤں کے حوالے سے مستقبل میں ہمارا محور یہی ہے۔‘ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ ’سعودی عرب، چین، امریکہ اور امارات کے بعد انڈیا کا چوتھا بڑا تجارتی شریک ہے۔ سعودی عرب کے لیے انڈین برآمدات چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں۔ سعودی عرب 19 فیصد تیل کی ضروریات پوری کر رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’انڈیا میں کورونا کے مریضوں کے علاج میں مدد کے لیے آکسیجن کنٹینرز، سلنڈرز وغیرہ کی صورت میں مدد پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔ فیاضانہ انداز میں ہندوستان کی مدد کرنے والے تمام اداروں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

 انڈین سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کو سعودی عرب کی طرف سے 300 میٹرک ٹن آکسیجن، چھ ہزار آکسیجن سلنڈرز اور دیگر دوائیں نجی اداروں نے فراہم کیں جبکہ سرکاری سطح پر آرامکو نے 60 میٹرک ٹن آکسیجن پر مشتمل تین کنٹینرز بھیجے۔

در اصل ’2 جون کو دمام کنگ عبدالعزیز بندرگاہ سے انڈین بحریہ کے ماتحت ایک مال بردار جہاز ہندوستان پہنچا جس پر 300 آکسیجن سیلنڈرز، 300 آکسیجن آلات اور 50 دیگر آکسیجن آلات لدے ہوئے تھے۔‘