ہندوستان مصنوعی ذہانت کی طاقت میں دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ مسابقتی ملک

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-12-2025
ہندوستان  مصنوعی ذہانت کی طاقت میں دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ مسابقتی ملک
ہندوستان مصنوعی ذہانت کی طاقت میں دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ مسابقتی ملک

 



 نیو دہلی : عالمی اے آئی درجہ بندی کے مطابق ہندوستان مصنوعی ذہانت میں دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ مسابقتی ملک بن گیا ہے۔ یہ درجہ بندی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے گلوبل اے آئی وائبریسی ٹول میں اتوار کو جاری کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا ٹیکنالوجی ایکو سسٹم اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی مضبوط تعداد اسے عالمی اے آئی دوڑ میں ایک اہم مقام دلا رہی ہے۔

ویژول کیپیٹلسٹ کی جانب سے اسٹینفورڈ کی رپورٹ پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق امریکہ 78.6 اسکور کے ساتھ اے آئی مسابقت میں دنیا میں سرفہرست ہے۔ چین 36.95 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان 21.59 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ اس درجہ بندی کے ساتھ ہندوستان نے جنوبی کوریا برطانیہ سنگاپور جاپان کینیڈا جرمنی اور فرانس جیسے کئی ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اسٹینفورڈ کا اے آئی وائبریسی ٹول ایک ہی اسکور کے ذریعے کسی ملک کے اے آئی ایکو سسٹم کی مضبوطی کو ناپتا ہے۔ یہ درجہ بندی تحقیق و ترقی باصلاحیت افرادی قوت سرمایہ کاری اور معاشی اثرات بنیادی ڈھانچے عوامی رائے اور حکومتی پالیسیوں جیسے اہم عوامل پر مبنی ہے۔

اس ٹول کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ کہاں جدت اور اے آئی ٹیلنٹ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور حکومتیں مصنوعی ذہانت کی کس حد تک سرپرستی کر رہی ہیں۔ اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آمدنی کی سطح اے آئی مسابقت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ زیادہ آمدنی والے ممالک فہرست کے اوپر ہیں جبکہ چین اور برازیل جیسے بالائی متوسط آمدنی والے ممالک بتدریج یہ فرق کم کر رہے ہیں۔کم متوسط آمدنی والے ممالک میں ہندوستان نمایاں حیثیت رکھتا ہے کیونکہ وہ واحد ملک ہے جو عالمی فہرست میں اتنی بلند پوزیشن پر موجود ہے۔ یہ بات عالمی اے آئی منظرنامے میں اس کی منفرد حیثیت کو اجاگر کرتی ہے۔ مخصوص شعبوں میں مختلف ممالک مختلف اشاریوں میں سبقت رکھتے ہیں۔ امریکہ تحقیق و ترقی ذمہ دار اے آئی معیشت پالیسی اور حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے جیسے شعبوں میں سرفہرست ہے۔

چین باصلاحیت افرادی قوت معیشت اور بنیادی ڈھانچے میں مضبوط کارکردگی دکھاتا ہے جبکہ ہندوستان ٹیلنٹ کے شعبے میں سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے جو ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ میں اس کی بڑی اور ماہر افرادی قوت کی عکاسی کرتا ہے۔ رپورٹ ایک وسیع تر تشویش کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔ اگرچہ قومی آمدنی اور اے آئی مسابقت کے درمیان تعلق متوقع ہے لیکن ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا فرق عالمی عدم مساوات کو مزید گہرا کر سکتا ہے اگر اے آئی ترقی تک رسائی غیر مساوی رہی۔ہندوستان کے لیے یہ درجہ بندی ایک بڑی تقویت ہے۔ یہ اے آئی میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری تحقیق کی پیداوار میں اضافے مضبوط اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور انجینئرز اور ڈیولپرز کے وسیع ذخیرے کی عکاسی کرتی ہے۔