برکس بزنس: ہندوستان دنیا کا گروتھ انجن بنے گا-مودی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2023
برکس بزنس: ہندوستان دنیا کا گروتھ انجن بنے گا-مودی
برکس بزنس: ہندوستان دنیا کا گروتھ انجن بنے گا-مودی

 

جوہانسبرگ: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی رات 15ویں برکس چوٹی کانفرنس کے تحت منعقد ہونے والے بزنس فورم کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہا – ہندوستان بہت جلد 5 ٹریلین کی معیشت بن جائے گا اور ہم دنیا کا گروتھ انجن بن جائیں گے۔ اس موقع پر برازیل اور جنوبی افریقہ کے صدر بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ خاص بات یہ ہے کہ جوہانسبرگ میں موجود چینی صدر شی جن پنگ نے اس تقریب میں شرکت نہیں کی۔ تاہم ان کی غیر حاضری کی وجہ واضح نہیں ہے۔ 3 منٹ کی تقریر میں مودی نے کہا – ہندوستان ڈیجیٹل لین دین کے معاملے میں سب سے اوپر ہے۔ برکس ممالک کو اقتصادی محاذ پر تعاون کرنا ہو گا۔ ہندوستان بہت جلد 5 ٹریلین کی معیشت بن جائے گا اور ہم دنیا کا گروتھ انجن بن جائیں گے۔ ہندوستان نے کاروبار کرنے میں آسانی کے میدان میں زبردست بہتری کی ہے۔ میں برکس ممالک کے سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔

اس سے پہلے منگل کی سہ پہر مودی جوہانسبرگ پہنچے۔

یہاں ان کا استقبال گارڈ آف آنر کے ساتھ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے نائب صدر پال شیپوکوسا ان کا استقبال کرنے ماشاتائل واٹرکلف ایئربیس پہنچے۔ مودی کا استقبال جنوبی افریقہ کے روایتی قبائلی رقص سے کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ہوائی اڈے پر ہندوستانی نژاد لوگوں سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے ہوٹل پہنچنے پر ہندوستانی نژاد خاتون نے انہیں راکھی بھی باندھی۔ پی ایم مودی 24 اگست تک جوہانسبرگ شہر میں رہیں گے۔ اس دوران وہ برکس کے بعض رکن ممالک کے ساتھ دو طرفہ بات چیت بھی کریں گے۔

چالیس ممالک برکس کے رکن بننے کی دوڑ میں۔

یاد رہے کہ  14 سال قبل 2009 میں بننے والے برکس گروپ کا اجلاس اس بار بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ اس کی واحد وجہ اس تنظیم کا رکن بننے کا مقابلہ ہے۔ تقریباً 40 ممالک نے تنظیم میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان میں سعودی عرب، ترکی، پاکستان اور ایران شامل ہیں۔ اس میٹنگ کا مرکزی نقطہ گروپ کی توسیع ہو گی۔ تاہم اس کے پانچ رکن ممالک کے درمیان اس معاملے پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے۔ خبر رساں ایجنسی 'اے این آئی' کی رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں 45 مہمان ممالک شرکت کر سکتے ہیں۔ سربراہی اجلاس کے بعد افریقہ آؤٹ ریچ اور برکس پلس ڈائیلاگ ہوں گے۔ اس میں جنوبی افریقہ کی طرف سے مدعو کردہ دیگر ممالک بھی شامل ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری ونے کواترا کے مطابق برکس سربراہ اجلاس میں عالمی اقتصادی بحالی، جیو پولیٹیکل چیلنج اور انسداد دہشت گردی پر بات چیت کی جائے گی۔