سوپور : ایشیا کی دوسری بڑی فروٹ منڈی جدید یت کی پہچان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2023
 سوپور: ایشیا کی دوسری بڑی فروٹ منڈی جدیدیت کی پہچان
سوپور: ایشیا کی دوسری بڑی فروٹ منڈی جدیدیت کی پہچان

 

سوپور کشمیر - آواز دی وائس

(منظور ظہور)

یوں تو ساری وادی کشمیر اپنے حسن و جمال اور خوش گوار ماحول کےلئے ملک کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مشہور ہے اور خوش گوار آب وہوا کے علاوہ سیاحت ,دستکاریوں اور  مختلف پھلوں بالخصوص سیب کے لئے  کشمیر کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ 
جہاں تک وادی کشمیر کے شمالی علاقے کا تعلق ہے یہ سیب کی پیداوار میں ایک منفرد مقام حاصل کرچکاہے۔اور سیب کی کئی قسمیں یا کوالئٹی یہاں پیدا ہوتی ہیں جن میں ڈیلشس اور گولڈن ڈیلیشس کو خاص طور پر ملک اور اور ملک کے باہر پسند کیا جاتا ہے ۔سیب کے میوہ کو  درختوں  سے اتارنے کے بعد کئی مراحل سے گزرکر اسے  مقامی منڈی میں پہنچایا جاتا ہے اور یہاں سے اسے ملک  کی دیگر بڑی اور چھوٹی منڈیوں میں منتظر بیوپاریوں کے پھڈوں یعنی  اسٹالوں پر ٹرکوں اور ٹراللوں کے ذریعے پہنچایا جاتاہے ۔
شمالی کشمیر میں ہی جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کی راجدھانی سرینگر سے تقریبا 55 کلو میٹر کی دوری پر واقع ایپل ٹاون کے نام سے مشہور سوپور میں جموں و کشمیر کی سب سے بڑی منڈی اور آزاد پور دہلی کے بعد ایشیاء کی دوسری سب سے بڑی فروٹ منڈی موجود ہے ۔جہاں سالانہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 2600 کروڈ روپے کا کاروبار ہوتا ہے ۔ سوپور منڈی کو قائم کرنےکااعزاز 1987ءمیں ایک مقامی ہر دل عزیز تاجر اور فروٹ گروور مرحوم  غلام ممطفے کو جاتا ہے ۔ 
ملک کی دیگر منڈیوں کے مقابلے سوپور منڈی میں صحت و صفائی کا خاص خیال رکھا جاہے۔ سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلی اس منڈی میں فروٹ گروورس  کی انجمن نے خوبصورت عمارت پر مشتمل ایک بہترین آفس بھی تعمیر کیا ہے جس میں کئی کمرے اور کانفرنس ہال بھی موجود ہے اس کے علاوہ ملک کی مختلف منڈیوں سے تعلق رکھنے والے  بیوپاریوں کا  مال خریدنے کی غرض سےیہاں آنےاورپھر ان کے قیا م کے لئے ایک گیسٹ ہاوس بھی تعمیر کیا گیا ہے جس میں قیام وطعام کی سہولیات دستیاب ہیں ۔
 
آواز دی وائس سے بات کرتے ہوئے سوپور فروٹ منڈی کے صدر فیاض احمد ملک نے بتایا کہ, ان کی انجمن دوسری مقامی اور غیر مقامی انجمنوں کے اشتراک سے شمالی کشمیر میں سیب اور دیگر پھلوں یعنی میوہ  صنعت سے جڑے افراد سے ان کے مفاد کو مد نظر رکھ کر تعلقات بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوپور فروٹ منڈی کو آزاد پور دہلی کے بعد ایشیاءکی دوسری سب سے سے بڑی منڈی ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور اس حوالے سے مجھ سمیت فروٹ گرورس ایسوسی ایشن اور فروٹ منڈی ایسوسی ایشن کے ہر فرد پر خاصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ہم اپنی کاروباری اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو اخلاقی بنیادوں پر نبھانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں ۔ فیاض احمد نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے فروٹ گروورس  اور فروٹ ٹریڈرس کو روز بروز سوپور فروٹ منڈی پر بھروسہ بڑھتا جارہا ہے اور اس طرح جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیان کا میوہ خاص کر سیب  درختوں سے اترکر سیدھے یا پیکنگ ہوکے یہاں آتاہے اور پھر یہاں سے ملک کی دیگر منڈیوں میں فروخت کیا جاتا ہے ۔ 
شارق مقبول نامی سوپور کے نوجوان فروٹ  گروور نے آواز دی وائس کو بتایا کہ ,سوپور منڈی میں صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ جدیدیت اور تیکنکی پہلووں کا خاص خیال رکھا جاتاہے۔ان کے مطابق نوجوان فروٹ گروور اور تاجر کشمیری فروٹ خاص کر سیب کی پیداوار اور اس کے کاروبار میں کوئی بھی سمجھوتہ کرنے کےلئے تیار نہیں ہیں ۔شارق نے بتایا کہ ان کی کاوشوں سے  حال ہی میں میں ملک کی معروف زرعی کاروبار سے تعلق رکھنے والی کمپنی ایرو ایگریز انڈیا لمٹیڈ کی طرف سے سوپور منڈی میں ایک ورکشاپ کا انعقاد ہوا ۔جس میں  علاقے کے فروٹ گروورس اور تاجروں کو اس صنعت میں جدیدیت لانے اور کاروباری و پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی غرض سے جدید
ٹیکنالوجی اور مشینری سے متعلق جانکاری دی گئی۔