عالیہ فاروق: کشمیر کی پہلی خاتون جم ٹرینر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2021
عالیہ فاروق
عالیہ فاروق

 

 

بسمہ منظور/سری نگر

وہ عورت جس نے اپنی پچیس اور تیس سال کی عمر کے دوران موٹاپے اور سخت ذہنی دباؤ کا مقابلہ کیا تھا آج بہت ساری کشمیری خواتین کے لئے جسمانی صحت اور زندگی میں ایک مثبت رویہ برقرار رکھنے کی تحریک ہے ۔ عالیہ فاروق کشمیر کی پہلی سند یافتہ خاتون جم ٹرینر نے اپنے کیریئر کے انتخاب سے وادی میں دقیانوسی تصورات کی ساری زنجیریں توڑ ڈالی ہیں۔

عالیہ شہر کے مرکز سری نگر کے خانیار میں رہتی ہیں اور اپنے شوہر مسٹر عرفان احمد کے ساتھ ایک جم چلاتی ہیں۔ وہ 2012 میں جم ٹرینر بنیں۔ نو برسوں میں عالیہ نے ہزاروں خواتین کو اپنے جم میں تربیت دی۔ خود مثال بن کر انہوں نے خواتین کو صحت مند ، تندرست طرز زندگی کی جانب متحرک کیا ۔

عالیہ کو ٹرینر اس لئے بننا پڑا کیونکہ دونوں کو احساس ہونے لگا کہ ان کے جم کو بہتر بنانے کے لئے ایک عورت ٹرینر کی ضرورت ناگزیر ہے۔ عالیہ یاد کرتی ہیں کہ جم میں مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ فرش لگائے گئے تھے۔ لیکن جن خواتین نے جم میں شمولیت اختیار کی تھی وہ مرد ٹرینر کے ذریعہ ورزش کی تربیت حاصل کرنے میں تھوڑی متذبذب تھیں۔

یہی وہ لمحہ تھا جب عالیہ نے جم کے لباس میں جانے اور خود ورزش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے باڈی بلڈنگ فیڈریشن آف انڈیا سے وابستہ جموں و کشمیر باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن میں فٹنس ٹریننگ کورس کے لئے داخلہ لیا۔ عالیہ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد موٹاپا اور ذہنی کشمکش کے مسائل سے مقابلہ کیا ۔ میں 22 سال کی تھی جب عرفان اور میری شادی ہوئی۔ میں اپنے پہلے حمل کے بعد موٹاپے کا شکار ہو گئی ۔ مجھے اپنے آپ کو اتنا موٹا دیکھنے سے نفرت تھی ۔ میرے شوہر منفی خیالات کو میرے دماغ سے نکالنے کے لئے مجھے چھٹی پر دہلی لے گئے۔ ہم نے وزن میں اضافے اور افسردگی کے معاملات سے متعلق مشورے کے لئے دہلی میں ایک ڈاکٹر سے بھی ملاقات کی۔

ڈاکٹر سے ملاقات کے بعد عالیہ کو نئی سمت ملی۔ ڈاکٹر نے مجھے وزن کم کرنے کے لئے جم میں شامل ہونے کا مشورہ دیا۔ میں نے یہی کیا اور الحمد اللہ چار مہینوں میں تقریبا 28 کلوگرام وزن کم ہو گیا۔ میں تناؤ سے آزاد ہو گئی ۔ لیکن میں نے محسوس کیا تھا کہ جب کوئی شخص موٹا ہوتا ہے تو کتنا دکھی ہوتا ہے۔ جس افسردگی کا سامنا مجھے کرنا پڑا تھا ، میں نہیں چاہتی تھی کہ دوسری عورتیں بھی اس کا شکار ہوں۔ میرے شوہر کے جم کو خواتین انسٹرکٹر کی ضرورت تھی۔ لہذا میں نے ایک جم ٹرینر بننے اور خواتین کو فعال اور صحت مند رہنے میں مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالیہ کی خواتین کو مدد کرنے کی کوششوں سے ان کا جم سری نگر شہر میں فٹنس کے خواہاں تمام افراد کے لئے ایک مقبول اڈہ بن گیا ہے۔

شوہر کی مکمل حمایت

عالیہ کا کہنا ہے کہ ان کی جم کے انسٹرکٹر بننے کی کوشش ان کے شوہر کی مکمل حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ میرے شوہر نے میری زندگی کے ہر شعبے میں میرا ساتھ دیا۔ وہ میری اصل طاقت ہیں ۔ میرے والدین نے بھی میری مالی اور اخلاقی مدد کی ۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بیٹے کی پیدائش کے وقت بھی میری ساس نے کبھی بھی میرا ساتھ نہیں دیا۔ میں نے اس سے کئی بار اس کے پوتے کی دیکھ بھال کرنے کو کہا تاکہ میں جم جاؤں ، لیکن اس نے ہمیشہ انکار کردیا۔ میرے شوہر ، والدین اور میرے طلبا کی محبت اور تعاون نے مجھے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے ہمت دی۔

عالیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پروجیکٹ کے لئے مالی مدد ایک چیلنج تھی لہذا ہم نے خواتین کا جم کھولنے کے لئے اپنے والد سے رقم لی۔ خواتین کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزا تھا۔ عالیہ کہتی ہیں کہ خواتین مجھے مسلسل متحرک کرتی ہیں۔ ان سے متاثر ہوکر ہی میں نے فٹنس سولوشن جم کھولا ہے ۔

نوجوانوں کے لئے پیغام: خود پر یقین کریں

عالیہ نے کشمیر کی پہلی خاتون فٹنس ٹرینر ہونے کی وجہ سے بہت سے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔ انہیں قومی ایوارڈ کے لئے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کے لئے ان کا پیغام ہے کہ ہر صورت میں ثابت قدم رہیں۔ کسی بھی کیریئر کا بغیر سوچے سمجھے انتخاب نہ کریں۔ اس کے بارے میں جانیں اور شعوری طور پر ہی اس کا انتخاب کریں۔ ہمیشہ اپنے آپ پر مکمل اعتماد رکھیں۔ ایسے کیریئر کا انتخاب کریں جس میں آپ کو اتنی خوشی ہو کہ آپ کبھی محسوس نہ کریں کہ آپ صرف روزی کمانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ آپ کا کام آپ کے لئے خوشی اور مسرت کا باعث ہونا چاہئے ۔

خواتین کو فٹنس کے تعلق سے بیدار ہونا چاہئے

عالیہ کو دکھ ہے کہ زیادہ تر خواتین اپنی ذاتی فٹنس کا خیال نہیں رکھتی ہیں۔ کووڈ نے اعلی مدافعتی سطح کے ساتھ جسم کو فٹ رکھنے کی اہمیت بھی ہمیں سکھائی ہے۔ ورزش ہمیں فٹ رکھتی ہے اور ہمیں کئی بیماریوں سے بچاتی ہے۔ عالیہ کا کہنا ہے کہ صحت کی خرابی ، موٹاپا اور افسردگی کے معاملات پر قابو پانے میں بہت سی خواتین کی مدد کرنے پر وہ خوشی محسوس کررہی ہیں۔ وہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو اچھی صحت اور دماغ کی مثبتیت کے حصول کے لئے ترغیب دیتی رہتی ہے۔