مکہ اور مدینہ کو اسلامی دنیا کا مالیاتی اور کاروباری مرکز بنانے کا منصوبہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-12-2022
مکہ اور مدینہ کو اسلامی دنیا کا مالیاتی اور کاروباری مرکز بنانے کا منصوبہ
مکہ اور مدینہ کو اسلامی دنیا کا مالیاتی اور کاروباری مرکز بنانے کا منصوبہ

 

 

ریاض : سعودی عرب کے تین اقتصادی ادارے مکہ اور مدینہ کو اسلامی دنیا کے مالیاتی اور کاروباری مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے شراکت کر رہے ہیں۔ الاقتصادیہ کے مطابق مکہ چیمبر آف کامرس، مدینہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اسلامک چیمبر آف کامرس انڈسٹری اینڈ ایگریکلچرل بدھ کو اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) کے 57 رکن ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ بدھ کو سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی کی سرپرستی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندے اور سفارتکار مکہ ایوان تجارت کے ماتحت تقریبات میں موجود ہوں گے۔

دونوں مقدس شہروں کو اسلامی دنیا کا پرکشش مرکز بنانے کے لیے شراکت کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ معاہدے کا مقصد مکہ اور مدینہ کی مقدس حیثیت کو عالمی سطح پر موثر شکل میں استعمال کرنا اور ان دونوں شہروں کو کاروباری سرگرمیوں کے مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ مکہ چیمبرز آف کامرس اور مدینہ چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ ’یہ معاہدہ وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے جس میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ اسلامی اقدار کے فروغ میں دونوں مقدس شہروں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔