نئی دہلی: دوسری مرتبہ ٹیم ہندوستان نے امریکہ کی ریاست کولوراڈو میں منعقدہ بین الاقوامی اسنو اسکلپچر چیمپئن شپ میں برونز کا میڈل اور پیپلز چوائس ایوارڈ جیتا ہے۔ہندوستانی ٹیم کی قیادت کشمیر سے تعلق رکھنے والے ظہور احمد لون نے کی۔ ٹیم میں سہیل محمد خان۔ مریدل اپادھیائے۔ اور میٹ سیلی امریکہ شامل تھے۔ظہور احمد لون کا تعلق سنگھ پورہ پٹن ضلع بارہمولہ سے ہے۔ سہیل محمد خان خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ان کا تعلق بھی کشمیر سے ہے۔بین الاقوامی اسنو اسکلپچر چیمپئن شپ کے منتظمین نے مقابلے کی یہ تصویری جھلکیاں اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیں۔

ہندوستان کو صرف ایک گرم ملک سمجھنے اور برفانی کھیلوں اور فنون کے لیے غیر موزوں قرار دینے والی نفسیاتی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے برفانی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان ہندوستانی اور دیگر فنکار آہستہ آہستہ اسنو آرٹ میں اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں۔ اسنو آرٹ کو طویل عرصے تک مغربی یورپ۔ اسکنڈی نیویا۔ اور شمالی امریکہ کے خوشحال ممالک سے جوڑا جاتا رہا ہے۔
ٹیم ہندوستان کا 16 فٹ اونچا فن پارہ کارن دی الٹیمیٹ ڈومیسٹی کیٹر کون اصل میں کنٹرول میں ہے انسانی تاریخ کو مزاح اور گہرائی کے ساتھ پیش کرتا ہے۔یہ فن پارہ یووال نوح ہراری کی کتاب سیپینز سے متاثر ہے۔ فنکاروں نے اس خیال کو اجاگر کیا کہ اگرچہ انسان یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے مکئی کو پالتو بنایا۔ مگر ممکن ہے کہ مکئی اور فصلوں نے ہی صدیوں سے ہماری زراعت۔ خوراک۔ اور زمین کی ساخت کو تشکیل دے کر ہمیں اپنا تابع بنا لیا ہو۔
یہ مجسمہ فطرت اور انسان کے تعلق پر غور کی دعوت دیتا ہے اور دیکھنے والوں اور ججوں میں تجسس اور مسکراہٹ دونوں پیدا کرتا ہے۔چار رکنی ہندوستانی ٹیم نے۔ جس کی قیادت سہیل محمد خان نے کی۔ منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ سے منفی 35ڈگری سینٹی گریڈ کے شدید سرد موسم میں مسلسل چار دن تک محنت کی۔
یہ کامیابی ٹیم اسنو ہندوستان کو جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بناتی ہے جس نے دوسری بار بین الاقوامی سطح پر اسنو اسکلپٹنگ میں میڈل جیتا ہے۔ٹیم اسنو ہندوستان کے مریدل اپادھیائے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ججوں اور عوام دونوں کے ایوارڈ جیتنا ہمارے لیے انتہائی خاص لمحہ ہے۔ یہاں برف کا ہر ذرہ ٹیم ورک۔ جذبے۔ اور ہندوستانی تخلیقی روح کی کہانی سناتا ہے۔ظہور احمد لون نے کہا کہ سخت موسمی حالات اور محدود وقت کے باوجود ٹیم ہندوستان کے فن پارے نے اپنی نفاست اور درستگی سے ججوں اور ناظرین کو بے حد متاثر کیا۔

پانچ رکنی جج پینل نے 12 اسنو مجسموں کے جائزے میں 6 گھنٹے سے زائد وقت صرف کیا۔مقابلے میں ہندوستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ کوریا پہلے اور منگولیا دوسرے نمبر پر رہا۔ امریکہ۔ فن لینڈ۔ کینیڈا۔ ارجنٹائن۔ اور ترکی جیسی مضبوط ٹیمیں بھی مقابلے میں شامل تھیں۔یہ کامیابی ہندوستانی اسنو اسکلپٹنگ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور عالمی سطح پر ملک کی صلاحیت اور تخلیقی قوت کو نمایاں کرتی ہے۔
بریکن رج۔ کولوراڈو میں منعقدہ اس مقابلے میں دنیا بھر سے 12 ٹیموں نے شرکت کی۔ جن میں امریکہ۔ جرمنی۔ میکسیکو۔ فن لینڈ۔ کینیڈا۔ منگولیا۔ جنوبی کوریا۔ ارجنٹائن۔ اور ترکی شامل تھے۔چیمپئن شپ میں ارجنٹائن۔ جرمنی۔ فن لینڈ۔ ہندوستان۔ اٹلی۔ لیتھوانیا۔ مالٹا۔ منگولیا۔ جمہوریہ کوریا۔ یوکرین۔ امریکہ بریکن رج۔ اور امریکہ ورمونٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔پہلا انعام یعنی سونے کا میڈل جمہوریہ کوریا کی ٹیم نے اپنے فن پارے بیوٹی بیونڈ ڈیفرنس ہارمونی آف کو ایگزسٹنس کے لیے حاصل کیا۔