یوایس نیوز 2025 گلوبل رینکنگ: اے ایم یو کو ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پانچواں مقام
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ایک شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یو ایس نیوز 2025 گلوبل رینکنگ میں ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پانچواں مقام حاصل کیا ہے۔ یہ باوقار اعزاز اے ایم یو کی مسلسل تعلیمی برتری اور تحقیقی، تدریسی و سماجی خدمات میں اس کی نمایاں حصہ داری کا مظہر ہے۔
اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس دستیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”یہ درجہ بندی نہ صرف اے ایم یو کے تعلیمی معیار کی تصدیق کرتی ہے بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ ہم ایسی عالمی معیار کی تعلیم کے تئیں پر عزم ہیں جو مستقبل کے قائدین کی تربیت میں مددگار ہو۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری اجتماعی کاوشوں، محنت اور جذبے کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ اے ایم یو میں ہم ہر شعبے میں بہتری کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یہ کامیابی ہماری ہمہ جہت تعلیمی حکمت عملی کی عکاس ہے“۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ یو ایس نیوز کی عالمی درجہ بندی 2025میں یہ اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ اے ایم یو میں تعلیمی معیار کا خاص لحاظ رکھا جاتا ہے۔ یہ اس بات کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ ہم ایک متحرک، شمولیتی اور مؤثر تعلیمی ماحول کے حصول کے تئیں پرعزم ہیں۔
اے ایم یو کی رینکنگ کمیٹی کے کنوینر پروفیسر سالم بیگ نے بتایا کہ یو ایس نیوز 2025 گلوبل رینکنگ دنیا بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا گیارہواں سالانہ جائزہ ہے۔ اس جامع جائزے میں 13 کارکردگی اشاریوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جن میں عالمی اور علاقائی تحقیقی شہرت، تحقیقی اشاعتوں کی تعداد، حوالہ جات کا اثر، اور مخصوص موضوعات میں تحقیقی کارکردگی شامل ہیں۔ اس کی درجہ بندی کا طریقہ کار نہایت سخت اور معروضی ہے جو دنیا بھر کے اداروں کا موازنہ ممکن بناتا ہے۔
اے ایم یو کی اس اعلیٰ درجہ بندی نے اسے ہندوستان کے صف اول کے تعلیمی اداروں میں شامل کر دیا ہے، جو مختلف علمی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر علمی ترقی میں اپنا بااثر کردار ادا کر رہا ہے۔