سال 2025: یہ چہرے ہوئے راتوں رات وائرل

Story by  آمنہ فاروق | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
سال 2025: یہ  چہرے  ہوئے راتوں رات وائرل
سال 2025: یہ چہرے ہوئے راتوں رات وائرل

 



آمنہ فاروق
سال 2025 سوشل میڈیا کے لیے ایک اور یادگار سال ثابت ہوا۔ اس سال انٹرنیٹ نے نہ صرف ٹرینڈز بنائے بلکہ کئی ایسے عام چہروں کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا جن کا کل تک کوئی نام نہیں جانتا تھا۔ کہیں روحانیت نے دل جیت لیے، کہیں سادہ خوبصورتی نے سب کو متوجہ کیا، تو کہیں خالص فن نے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ وائرل ویڈیوز نے ان افراد کی تقدیر ایک ہی جھٹکے میں بدل دی اور یہ لوگ راتوں رات قومی سطح پر گفتگو کا موضوع بن گئے۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں 2025 کی ان پانچ شخصیات پر، جنہیں سوشل میڈیا نے عام سے خاص بنا دیا۔
آئی آئی ٹی بابا
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Abhey Singh (@iit.baba)

سال 2025 کی سب سے زیادہ زیرِ بحث وائرل شخصیات میں آئی آئی ٹی بابا نمایاں رہے۔ مہا کمبھ کے دوران سامنے آنے والے اس سابق آئی آئی ٹی طالب علم، جو بعد میں سنیاسی بن گئے۔ انہوں  نے اپنے پُرسکون لہجے اور زندگی کے گہرے فلسفیانہ نظریات سے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا۔  اگرچہ ان سے جڑی کچھ متنازع ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آئیں، لیکن مجموعی طور پر ان کی شخصیت نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا اور وہ سال بھر بحث کا مرکز بنے رہے۔
شاداب زکاتی
۔10 روپے والا بسکٹ کتنے کا ہے جی۔۔۔۔
سال 2025 میں ایسا وقت بھی آیا جب یہ جملہ ہر دوسری ریل کا حصہ بن گیا۔ اس میم کو مقبول بنانے والے شاداب زکاتی کو دنیا بھر سے پذیرائی ملی۔ معروف گلوکار اور ریپر بادشاہ کے ساتھ ان کی ریل نے ان کی شہرت کو مزید ہوا دی۔ سادہ انداز اور قدرتی مزاح نے شاداب کو انٹرنیٹ کا نیا چہرہ بنا دیا۔
دھوم :  کچرا چننے والا بچہ
سال 2025 کے اختتام پر ایک ننھا سا چہرہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا،جب اس کی ایک ریل وائرل ہوئی جس میں وہ کہہ رہے ہیں ۔۔۔کرش کا گانا سنے گا۔۔۔ جسے لوگ ’دھوم‘ کے نام سے جاننے لگے۔ کچرا چن کر زندگی گزارنے والے اس بچے کے منفرد انداز اور گانے کے اسٹائل نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ اس کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہی نہ صرف تعریفیں ملیں بلکہ کئی افراد اس کی مدد کے لیے بھی آگے آئے، جس نے ثابت کر دیا کہ سوشل میڈیا صرف شہرت ہی نہیں، ہمدردی کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
مونالیسہ
مہا کمبھ سے ہی وائرل ہونے والا ایک اور نام مونالیسہ کا تھا، جو رودرکش بیچنے والی ایک سادہ سی لڑکی تھیں۔ ان کی گہری، پُراثر آنکھوں اور خوداعتمادی سے بھرپور انداز نے سوشل میڈیا صارفین کو مسحور کر دیا۔ ایک مختصر ویڈیو نے انہیں انٹرنیٹ پر وائرل  کر  دیا۔ صارفین نے ان کی قدرتی خوبصورتی کا موازنہ کلاسیکی مصوری اور سنیما سے کیا۔ اس اچانک ملی شہرت نے انہیں ماڈلنگ آفرز اور مختلف برانڈز کی توجہ دلوائی، جو اس بات کی مثال ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں ایک لمحہ زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔
راجو کلاکار
راجو کلاکار کی مقبولیت نے یہ ثابت کر دیا کہ اصل ہنر کبھی نظرانداز نہیں ہوتا۔ 2025 کے آغاز میں سادہ ماحول میں گائے گئے ان کے گانوں کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہونے لگیں۔ تو نے دل پہ چلائی چھوریاں‘ جیسے گانوں میں ان کی سادہ مگر دل کو چھو لینے والی آواز نے سننے والوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔ چند ہی ہفتوں میں ان کے مداحوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا، میڈیا کی توجہ ملی اور بڑے اسٹیجز سے پرفارمنس کی دعوتیں آنے لگیں۔
سال 2025 نے ایک بار پھر یہ دکھا دیا کہ سوشل میڈیا کی دنیا میں کوئی بھی لمحہ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک ویڈیو، ایک جملہ یا ایک آواز… اور عام زندگی ایک نئی پہچان حاصل کر لیتی ہے۔ یہ کہانیاں نہ صرف ڈیجیٹل طاقت کی مثال ہیں بلکہ اس بات کا ثبوت بھی کہ آج کے دور میں ہنر، سچائی اور انفرادیت اگر دل سے نکلے تو پوری دنیا تک پہنچنے میں دیر نہیں لگتی۔