روبینہ مجید کا تعلیمی مشن

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-06-2026
روبینہ مجید کا تعلیمی مشن
روبینہ مجید کا تعلیمی مشن

 



 رتنا جی چوٹرانی
تعلیم کی دنیا میں اکثر توجہ ان بچوں پر مرکوز رہتی ہے جو نمایاں کارکردگی دکھاتے ہیں، اعلیٰ نمبر حاصل کرتے ہیں اور کامیابی کی دوڑ میں سب سے آگے نظر آتے ہیں۔ لیکن ہر کلاس میں ایسے بچے بھی ہوتے ہیں جو خاموشی سے پچھلی سیٹوں میں بیٹھے رہتے ہیں، جنہیں "اوسط" یا "کمزور" قرار دے دیا جاتا ہے۔ حیدرآباد کی ماہرِ تعلیم روبینہ مجید نے اپنی پوری زندگی ایسے ہی بچوں کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے ثابت کیا کہ ہر بچہ غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے، بس اسے ایک ایسا استاد چاہیے جو اس پر یقین کرے۔ آور اسکول  12 ایونیو" اسی یقین، محبت اور شمولیت پر مبنی ایک تعلیمی انقلاب کی کہانی ہے۔
حسینی عالم میں واقع "آور اسکول  12 ایونیو" میں بیٹھنے کا انتظام ہی اس ادارے کے مقصد کی ترجمانی کرتا ہے۔یہاں قصاب کے بیٹے، پان فروش کی بیٹی، کوکلیئر امپلانٹ رکھنے والے بچے، آٹزم اسپیکٹرم سے تعلق رکھنے والی بچیاں، اور ڈاکٹروں و انجینئروں کے بچے ایک ہی کلاس میں ساتھ بیٹھتے ہیں۔ وہ ایک ہی بنچ، ایک ہی کتاب اور ایک ہی تفریحی وقفہ بانٹتے ہیں۔اس کی وجہ صرف ایک خاتون ہیں روبینہ مجید، جنہوں نے برسوں پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ ان کی ترجیح وہ بچے ہوں گے جنہیں معاشرہ اور تعلیمی نظام اکثر نظر انداز کر دیتا ہے۔
یہ سفر جدہ میں شروع ہوا، جب ایک ہفتے کے عارضی تدریسی کام نے ایک ایم بی اے گریجویٹ کو استادہ بنا دیا۔ اور پھر 2008 میں حیدرآباد واپسی پر یہ خواب ایک ایسے اسکول کی شکل اختیار کر گیا جو ان بچوں کے لیے بنایا گیا جنہیں اکثر "پیچھے رہ جانے والے" کہا جاتا تھا۔روبینہ مجید کی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی جبکہ ان کی ابتدائی تعلیم کشمیر میں مکمل ہوئی۔ بعد ازاں انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی، جو عام طور پر کسی بڑی کارپوریٹ دنیا کی طرف لے جاتی ہے۔
شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ جدہ منتقل ہو گئیں، جہاں ان کے شوہر سعودی ایئر لائنز میں ایروناٹیکل انجینئر تھے۔ زندگی پرسکون، منظم اور محفوظ تھی۔پھر ایک دن ایک پڑوسی نے ان کے دروازے پر دستک دی۔ایک اسکول میں عارضی طور پر استاد کی ضرورت تھی۔ صرف ایک ہفتے کے لیے۔روبینہ نے ہاں کہہ دی۔یہ ایک لفظ ان کی پوری زندگی کا رخ بدلنے والا ثابت ہوا۔کلاس روم میں داخل ہوتے ہی انہیں وہ اطمینان اور مقصد ملا جو نہ کاروباری تعلیم میں ملا تھا اور نہ ہی کارپوریٹ دنیا میں۔
اس کے بعد انہوں نے دوبارہ تعلیم حاصل کی اور تدریسِ انگریزی میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی، جسے الینوائے اسٹیٹ بورڈ آف ایجوکیشن کی منظوری حاصل تھی۔بعد ازاں انہیں جدہ کے امریکی سفارت خانے کے اسکول میں تدریس کا موقع ملا، جہاں انہوں نے پرائمری سے لے کر ہائی اسکول تک مختلف مضامین پڑھائے۔انہوں نے سیکھا کہ ایک سات سالہ بچے کو فونکس کیسے سمجھائی جاتی ہے اور ایک سولہ سالہ طالب علم کو کیمسٹری کیسے دلچسپ بنائی جا سکتی ہے۔لیکن سب سے اہم سبق یہ تھا کہ بچے کی آنکھیں اس کے امتحانی نمبروں سے کہیں زیادہ کچھ بتاتی ہیں۔ 2008 میں ان کے شوہر ریٹائر ہوئے اور خاندان واپس حیدرآباد آ گیا۔اس وقت شہر میں اسکولوں کی کمی نہیں تھی، لیکن ایسے اسکول کم تھے جو ہر بچے کو برابر اہمیت دیں۔ ابتدا میں روبینہ نے ایک تعلیمی مشاورتی ادارہ قائم کیا اور مختلف اسکولوں کو تدریسی طریقوں میں بہتری کے حوالے سے مشورے دینے لگیں۔
مگر جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ اصل کام دفاتر میں نہیں بلکہ کلاس روم میں ہے۔ان بچوں کے ساتھ جو زندگی کی پچھلی  سیٹوں میں بیٹھے ہوتے ہیں۔اسی سوچ کے تحت انہوں نے حسینی عالم میں آور اسکول  12 ایونیو" کی بنیاد رکھی ۔ اسکول کا نام خود ایک وعدہ تھا یہ "ہمارا اسکول" ہے، ہر بچے کا اسکول۔روبینہ ہر نئے استاد سے ایک ہی بات کہتی ہیں کہ ہم یہاں ٹاپرز بنانے کے لیے نہیں ہیں، ہم یہاں اچھے انسان بنانے کے لیے ہیں۔ نمبر خود بخود آ جائیں گے۔ان کے مطابق اچھے انسان بنانے کے لیے سب سے پہلے اچھے استاد تیار کرنا ضروری ہے۔اسی لیے ان کے اسکول میں صرف ڈگری کی بنیاد پر بھرتی نہیں ہوتی۔ ہر استاد کے لیے ساڑھے چار ماہ کی لازمی تربیت اور چھ ہفتوں کا کلاس روم مشاہدہ ضروری ہے۔
انہیں تدریسی منصوبہ بندی، بچوں کی نفسیات، مطالعے میں مشکلات، اور کلاس روم مینجمنٹ کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔یہاں اساتذہ کو نصاب نہیں بلکہ بچے کو پڑھانا سکھایا جاتا ہے۔ اسکول میں تقریباً دس فیصد طلبہ خصوصی ضروریات رکھنے والے بچے ہیں، جن میں کوکلیئر امپلانٹ استعمال کرنے والے اور آٹزم اسپیکٹرم سے تعلق رکھنے والے بچے بھی شامل ہیں۔ یہ تمام بچے دوسرے طلبہ کے ساتھ ایک ہی ماحول میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔کوئی علیحدہ ونگ نہیں، کوئی امتیازی رویہ نہیں۔اسکول مکمل طور پر سیکولر اصولوں پر قائم ہے اور ہر برادری کے بچوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔فیس جان بوجھ کر کم رکھی گئی ہے تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔
روبینہ کہتی ہیں کہ اگر ایک پان فروش کا بچہ ہماری فیس ادا نہ کر سکے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم ناکام ہو گئے ہیں۔ان کی خدمات صرف اسکول تک محدود نہیں۔وہ آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع میں اساتذہ کی تربیت بھی کرتی ہیں اور نوجوان خواتین کے لیے خصوصی پروگرام چلاتی ہیں۔ان پروگراموں کے ذریعے تقریباً 300 خواتین تدریس کے شعبے سے وابستہ ہو چکی ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ ایک خاتون کو تربیت دینا دراصل پورے خاندان کے تعلیمی مستقبل کو بدل دینا ہے۔روبینہ مطالعے کی ماہر اور نصاب نویس بھی ہیں۔اگر پانچویں جماعت کا کوئی بچہ دوسری جماعت کے معیار کے مطابق پڑھ رہا ہو تو اسے ناکام قرار نہیں دیا جاتا بلکہ اس کے لیے خصوصی منصوبہ تیار کیا جاتا ہے۔فونکس، اضافی وقت، چھوٹے گروپ اور مسلسل رہنمائی کے ذریعے اس کی مدد کی جاتی ہے۔کیونکہ ان کے نزدیک اصل توجہ ہمیشہ اوسط اور کمزور طالب علم پر ہونی چاہیے۔قابل بچے تو خود دوڑ جائیں گے، لیکن جو لڑکھڑاتے ہیں انہیں کسی کا ساتھ درکار ہوتا ہے۔
دوپہر کے وقت اگر آپ اس اسکول میں داخل ہوں تو یہاں مکمل خاموشی نہیں ملے گی۔آپ کو مقصد سے بھرپور سرگرمی نظر آئے گی۔کوکلیئر امپلانٹ رکھنے والا ایک بچہ پانی کے چکر پر ماڈل پیش کر رہا ہوگا، ایک استاد فرش پر بیٹھ کر بچوں کو پڑھنے میں مدد دے رہا ہوگا، اور تیسری جماعت کے بچے اچھے دوست کی خصوصیات پر بحث کر رہے ہوں گے۔یہی وہ ماحول ہے جہاں سرٹیفکیٹ ملنے سے پہلے اچھے انسان تیار ہوتے ہیں۔
روبینہ مجید کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک استاد پورے معاشرے کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ انہوں نے ایم بی اے کی ڈگری کے ساتھ زندگی کا آغاز کیا تھا، مگر ایک استادہ بن کر ہزاروں زندگیوں کو روشن کر دیا۔ ان کا مشن صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ ایسے انسان تیار کرنا ہے جو ہمدرد، باکردار اور خوداعتماد ہوں۔ حسینی عالم کی ایک گلی سے شروع ہونے والا یہ سفر آج آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں تک پھیل چکا ہے۔ روبینہ مجید نے یہ ثابت کر دیا کہ جب ایک اوسط بچے کو غیرمعمولی استاد مل جائے تو وہ صرف امتحان میں کامیاب نہیں ہوتا بلکہ زندگی میں بھی کامیاب انسان بن جاتا ہے۔ اور شاید یہی وہ کامیابی ہے جس کی کوئی درجہ بندی نہیں کی جا سکتی، مگر جس کی قدر سب سے زیادہ ہوتی ہے۔