جامعہ ملیہ اسلامیہ : آر سی اے کے 38 طلبہ یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2025 میں کامیاب۔ 15 خواتین بھی شامل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-03-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ : آر سی اے کے 38 طلبہ یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2025 میں کامیاب۔ 15 خواتین بھی شامل
جامعہ ملیہ اسلامیہ : آر سی اے کے 38 طلبہ یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2025 میں کامیاب۔ 15 خواتین بھی شامل

 



نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ کے تحت قائم رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے 38 امیدواروں نے یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2025 میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ آج اعلان کیے گئے نتائج کے مطابق اکیڈمی کے 4 امیدواروں نے ملک کی ٹاپ 50 فہرست میں جگہ بنائی اور آل انڈیا رینک 7۔ 14۔ 24 اور 29 حاصل کر کے جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام روشن کیا۔

اکیڈمی کے 38 سے زیادہ امیدوار اس امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے مختلف آل انڈیا اور مرکزی خدمات میں جگہ حاصل کی ہے۔ ان کامیاب امیدواروں میں 15 خواتین بھی شامل ہیں۔ اس کامیابی نے ملک کی انتظامی خدمات میں مساوات اور شمولیت کو فروغ دینے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کردار کو اجاگر کیا ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور اس کامیابی میں اساتذہ اور انتظامی عملے کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے آر سی اے کی انچارج پروفیسر ثمینہ بانو کی قیادت کو بھی قابل تعریف قرار دیا جن کی نگرانی میں گزشتہ ایک سال کے دوران اکیڈمی میں کئی اہم تعلیمی اور رہنمائی کے اقدامات کیے گئے۔

وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پوری برادری کی جانب سے وہ تمام کامیاب امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ادارے کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر سی اے کے طلبہ کی یہ غیر معمولی کامیابی جامعہ کی اس روایت کو ظاہر کرتی ہے جس میں محنت۔ ثابت قدمی اور عزم کو کامیابی کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کی خدمت کے لیے انتظامی نظام کو مضبوط بنانے اور سول سروسز کے لیے مستقبل کے رہنما تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کہا کہ یہ جامعہ کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ ریکارڈ تعداد میں طلبہ خصوصاً خواتین اس باوقار امتحان میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ طلبہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل کر آنے والے امیدواروں کے لیے مثال بن گئے ہیں جو اس وقت آر سی اے میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے جامعہ کے تمام تدریسی اور غیر تدریسی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی محنت سے یہ بڑی کامیابی ممکن ہوئی۔

آر سی اے کی انچارج پروفیسر ثمینہ بانو نے نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار کامیابی طلبہ کی مسلسل محنت اور جامعہ انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر اور رجسٹرار کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر مرحلے پر رہنمائی اور مکمل تعاون فراہم کیا۔