دقیانوسی تصورات کو توڑتی، وردی پوش مسلم خواتین

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-03-2026
 دقیانوسی تصورات کو توڑتی وردی پوش مسلم خواتین
دقیانوسی تصورات کو توڑتی وردی پوش مسلم خواتین

 



 نئی دہلی:آپریشن سندور کے دوران کرنل صوفیہ قریشی کی جانب سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ نے دنیا کو حیران کر دیا۔ اس لیے نہیں کہ وہ صرف ایک ہندوستانی خاتون تھیں بلکہ اس لیے بھی کہ وہ مسلم برادری سے تعلق رکھنے والی ایک افسر کے طور پر نہایت پیشہ ورانہ انداز میں میڈیا کو بریف کر رہی تھیں جو ایک ہندوستانی فوجی افسر کے شایان شان تھا۔

دنیا کی بات چھوڑ دیں خود بہت سے ہندوستانیوں کو بھی یہ یقین نہیں تھا کہ ہندوستانی فوج میں خواتین افسران بھی موجود ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلم خواتین کئی برسوں سے مسلح افواج اور تکنیکی شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔آواز دی وائس ایسی ہی دس خواتین کی کہانیاں پیش کر رہا ہے تاکہ نئی نسل کو حوصلہ اور ترغیب مل سکے۔

۔ اجیتھا بیگم سلطان پولیسنگ میں عزم نظم و ضبط اور ہمدردی کی ایک مضبوط مثال کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ کوئمبتور کے ایک سادہ پس منظر سے اٹھ کر کیرالہ میں کرائم برانچ کی انسپکٹر جنرل آف پولیس بننے تک انہوں نے انسانی اسمگلنگ منشیات کے نیٹ ورک اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم جیسے پیچیدہ معاملات سے نمٹنے میں اپنی صلاحیت منوائی ہے۔ سادگی اور فرض شناسی کے لیے مشہور اجیتھا کا ماننا ہے کہ ایک پولیس افسر کو غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی۔ یہی اصول انہیں مشکل تعیناتیوں اور اہم تحقیقات میں رہنمائی دیتا رہا ہے۔ ان کا سفر پیشہ ورانہ کامیابی کے ساتھ سماجی ذمہ داری اور نئی نسل کی رہنمائی کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

انیسا نبی جموں و کشمیر میں انتظامی خدمت اور کھیلوں کے جذبے کا ایک منفرد امتزاج پیش کرتی ہیں۔ 2012 بیچ کی جے کے اے ایس افسر اور اس وقت جموں وکشمیراسپورٹس کونسل میں چیف اسپورٹس آفیسر کے طور پر وہ کھیل فٹنس اور نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ ایک کامیاب رنر بھی ہیں اور ویدانتا دہلی ہاف میراتھن اور ٹاٹا ممبئی میراتھن جیسے بڑے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔ اپنی مہم ونڈرس ویمن کے ذریعے وہ خواتین کو فٹنس اور ذہنی صحت کی طرف راغب کرتی ہیں جبکہ سرکاری خدمات میں ان کی سرگرمیاں عوامی بیداری اور مقامی ترقی کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کی مثال ہیں۔

عشرت احمد راجستھان کے گاؤں نوان سے تعلق رکھنے والی ایک ایسی شخصیت ہیں جن کی زندگی خدمت نظم و ضبط اور حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔ 2001 میں بھارتی فوج میں کمیشن حاصل کرنے کے بعد وہ ترقی کرتے ہوئے میرٹھ میں ایک آرڈیننس یونٹ کی کمان سنبھالنے تک پہنچیں اور قائم خانی برادری کی پہلی خاتون بنیں جنہوں نے اس قدر اہم ذمہ داری سنبھالی۔ فوجی اور سرکاری خدمات سے وابستہ ایک معزز خاندان سے تعلق رکھنے والی عشرت احمد کی کامیابی خاندانی اقدار اور ذاتی محنت دونوں کی عکاس ہے۔ وہ خاص طور پر دیہی علاقوں کی لڑکیوں کو مسلح افواج اور عوامی خدمت میں آنے کی ترغیبدیتی ہیں

 بشریٰ بانو کی کہانی حوصلے ایمان اور ثابت قدمی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ کناوج کے ایک چھوٹے گاؤں سے نکل کر انہوں نے بھارتی پولیس سروس تک کا سفر طے کیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والی بشریٰ نے ماں ہونے کی ذمہ داریوں پیشہ ورانہ مصروفیات اور سول سروس کی تیاری کو بیک وقت سنبھالا۔ انہوں نے آٹھ ماہ کے حمل کے دوران یو پی ایس سی کا انٹرویو دیا اور بالآخر آئی پی ایس میں منتخب ہو کر مغربی بنگال کیڈر میں خدمات انجام دیں۔ لیکچرر اور کارپوریٹ ملازم سے لے کر ایس ڈی ایم اور پھر پولیس افسر بننے تک ان کا سفر نوجوان خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

 ۔ ہانی قریشی کولکاتا کے کریڈل فرٹیلٹی سینٹر میں بانجھ پن کے علاج کے شعبے میں ایک نمایاں نام بن چکی ہیں جہاں وہ گڑیا برانچ کی سینٹر انچارج ہیں۔ آئی وی ایف طریقہ علاج اور جدید تولیدی تشخیص میں مہارت رکھنے والی ہانی جدید طبی سائنس کو ہمدردانہ مریض نگہداشت کے ساتھ جوڑ کر بے شمار جوڑوں کو والدین بننے کی امید فراہم کرتی ہیں۔ انہیں 2024 میں آئی ایس اے آر یوتھ آئیکن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ان کا ماننا ہے کہ نظم و ضبط مسلسل سیکھنے کا جذبہ اور ثابت قدمی کامیابی کی اصل بنیاد ہیں۔

۔ ریشما نیلوفر نہا نے کولکاتا پورٹ ٹرس میں دنیا کی پہلی خاتون ریور پائلٹ بن کر بحری تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کی۔ اکیڈمی آف میری ٹائم ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سے تربیت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کئی برس تک عالمی سمندری سفر کیا اور پھر سخت تربیت کے مراحل سے گزر کر 2018 میں ریور پائلٹ کی ذمہ داری سنبھالی۔ تنگ اور پیچیدہ دریا کے راستوں میں بڑے جہازوں کی رہنمائی انتہائی مہارت طاقت اور فوری فیصلہ سازی کا تقاضا کرتی ہے۔ ریشما نے ان تمام صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا اور انہیں ناری شکتی پرسکار سے بھی سرفراز کیا گیا۔

۔ سارا رضوی بھارتی پولیس سروس کی 2008 بیچ کی افسر ہیں جو گجرات کیڈر سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس وقت وہ بین الکیڈری تقرری پر جموں و کشمیر کے ادھم پور ریاسی رینج میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور اس خطے میں اس عہدے تک پہنچنے والی واحد خاتون افسر ہیں۔ ابتدائی مالی مشکلات اور ذاتی سانحات کے باوجود انہوں نے انتخابی انتظامات خفیہ معلومات کے آپریشنز اور سکیورٹی چیلنجز جیسے اہم فرائض کامیابی سے انجام دیے۔ ممبئی کی ایک پرعزم طالبہ سے لے کر حساس علاقوں میں خدمات انجام دینے والی سینئر پولیس افسر بننے تک ان کا سفر ثابت قدمی اور خدمت کے جذبے کی مثال ہے۔

۔ صوفیہ قریشی بھارتی فوج میں عزم اور قابلیت کی علامت کے طور پر ابھری ہیں۔ انہوں نے فوج میں ترقی کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ ایک سپاہی کی اصل پہچان اس کی صلاحیت اور عزم ہوتا ہے نہ کہ اس کا پس منظر یا جنس۔ اہم قیادت اور عملی ذمہ داریوں کو سنبھالتے ہوئے انہوں نے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ بہت سی نوجوان خواتین کو بھی وردی میں مستقبل دیکھنے کی ترغیب دی۔

۔ طوبیٰ ثنابر سیونی کی ایک نوجوان وکیل ہیں جو اب بنگلورو میں مقیم ہیں اور شہری حقوق خواتین کی خود مختاری اور ڈیجیٹل پرائیویسی کے لیے سرگرم آواز کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے کرمنالوجی میں ایل ایل ایم کرنے کے بعد وہ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کے ساتھ مل کر گھریلو تشدد اور اقلیتی حقوق کے بارے میں بیداری پیدا کرتی ہیں۔ سوز پروگرام اور ڈیجیٹل پرائیویسی کے موضوع پر ان کی سرگرمیاں قانون کو سماجی انصاف اور وقار کے لیے استعمال کرنے کی مثال ہیں۔

۔ ہنا محسن خان نے ہوا بازی کے میدان میں ایک متاثر کن سفر طے کیا ہے۔ میرٹھ میں پیدا ہونے والی اور جزوی طور پر سعودی عرب میں تعلیم حاصل کرنے والی ہنا نے ابتدا میں صحافت اور کاروبار کے شعبوں میں کام کیا لیکن بعد میں اپنی اصل دلچسپی کو پہچان کر پائلٹ بننے کا فیصلہ کیا۔ امریکہ اور یونان میں سخت تربیت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 2020 میں اپنی پہلی تجارتی پرواز اڑائی اور بھارت کی چند مسلم خواتین پائلٹس میں شامل ہو گئیں۔ ان کی زندگی ثابت کرتی ہے کہ عزم اور جستجو کے ساتھ ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔