احسان فاضلی:سری نگر
اتر پردیش کے ثقافتی طور پر مالا مال ضلع امروہہ سے تعلق رکھنے والی محترمہ سارہ رضوی کی پرورش ممبئی میں ہوئی جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کی اور سول سروس میں جانے کا خواب دیکھا حالانکہ ان کی زندگی چیلنجوں سے بھری رہی-2008 بیچ کی گجرات کیڈر کی آئی پی ایس افسر سارہ رضوی اس وقت جموں و کشمیر میں ادھم پور ریاسی پولیس رینج کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں انہیں 2022 میں گجرات سے جموں و کشمیر کے لیے بین کیڈر تقرری پر بھیجا گیا تھا اور انہوں نے اپریل گزشتہ سال یہ عہدہ سنبھالا انہوں نے گجرات اور جموں و کشمیر میں مختلف اہم عہدوں پر کام کیا اور جنوری اس سال سے انہیں انسپکٹر جنرل پولیس کے عہدے پر ترقی دی جا چکی ہے اور اگلی تقرری کی منتظر ہیں
سارہ رضوی جموں و کشمیر میں واحد خاتون پولیس افسر ہیں جو ڈی آئی جی یا آئی جی کے عہدے پر فائز ہیں اگرچہ ان کا تعلق اس خاندان سے ہے جس میں اساتذہ علماء ڈاکٹر اور انجینئر شامل رہے ہیں لیکن انہیں سماجی ذمہ داری کا احساس ان کے نانا سے ملا ،جو پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے انہی کی رہنمائی نے انہیں سماج کی خدمت کا جذبہ دیا

انہوں نے بی کام کی ڈگری حاصل کی اور مالی مشکلات کو دور کرنے کے لیے نجی ملازمت اختیار کی ساتھ ہی سول سروس کی تیاری جاری رکھی انہوں نے ٹیوشن پڑھا کر اپنی ضروریات پوری کیں اور مسلسل محنت کے بعد 2008 میں تیسرے کوشش میں یہ امتحان کامیابی سے پاس کیاجب وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مستحکم ہو رہی تھیں تو کووڈ کے دوران ان کے شوہر کا انتقال ہو گیا جو ان کی ذاتی زندگی کا ایک بڑا امتحان تھا اب وہ ایک اکیلی ماں ہیں جو اپنی پانچ سالہ بیٹی کی پرورش کر رہی ہیں اور ساتھ ہی اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے انجام دے رہی ہیں ذاتی مشکلات سے نکلنے کے لیے انہوں نے خود کو چیلنجنگ ذمہ داریوں میں مصروف رکھا اور اسی لیے 2022 میں گجرات سے جموں و کشمیر میں تقرری حاصل کی
اپنے موجودہ عہدے سے پہلے سارہ رضوی نے بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ میں ایس ایس پی ٹریننگ کے طور پر خدمات انجام دیں اور 2022 سے 2023 کے دوران جموں و کشمیر پولیس ہیڈکوارٹر میں ڈی آئی جی انتظامیہ رہیں اس کے بعد انہیں جموں و کشمیر میں ڈی آئی جی انڈین ریزرو پولیس مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے ڈی آئی جی ٹریننگ کی اضافی ذمہ داری بھی سنبھالی جموں و کشمیر آنے سے پہلے وہ گجرات میں اے ایس پی راجکوٹ دیہی ایس ایس پی جام نگر ڈی سی پی راجکوٹ شہر انٹیلی جنس بیورو میں کشمیر ڈیسک کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سکم کے گانگ ٹوک میں سبسڈیری انٹیلی جنس بیورو کی سربراہ کے طور پر کام کر چکی ہیں

ان کی اہم ذمہ داریوں میں گجرات اسمبلی انتخابات 2012 کے دوران ایس ایس پی جام نگر کے طور پر خدمات لوک سبھا انتخابات 2014 میں ڈی سی پی راجکوٹ شہر کے طور پر ذمہ داری گورکھا لینڈ تحریک کے دوران سکم اور مغربی بنگال میں 2016 سے 2017 تک حالات سنبھالنا 2017 میں ہندوستان اور چین کے درمیان ڈوکلام تنازع سے نمٹنا اور 2024 کے لوک سبھا اور جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں اخراجات کے نوڈل افسر کے طور پر خدمات شامل ہیں

ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں پولیس اسپیشل ڈیوٹی میڈل اور اس کا پہلا اعزاز 2019 پولیس انترک سرکشا سیوا پدک 2019 انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر اور بی پی آر اینڈ ڈی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ستائش جموں و کشمیر کے ڈی جی پی کی جانب سے 2023میں شاندار خدمات پر تعریفی سند اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے 2024 کے انتخابات میں بہترین کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا ہے