(غربت پر عزم و استقلال اور محنت کی فتح۔ سائنس شعبے میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نادار والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا)
کولکتہ: نامساعد حالات کا رونا رو کر ہمت ہار جانے والوں کے لیے جگتدل پرانی مسجد کے نزدیک رہنے والی ہونہار طالبہ ناز آفرین عزم و استقلال کی روشن مثال ہیں۔ ویسٹ بنگال ہائر سیکنڈری امتحان 2026 کے سائنس اسٹریم میں انہوں نے 437 نمبرات یعنی 87.4 فیصد کے ساتھ ‘A+’ گریڈ حاصل کرتے ہوئے چشمۂ رحمت ہائر سیکنڈری اسکول میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور اپنی غیر معمولی صلاحیت اور مسلسل محنت کا لوہا منوا لیا۔ ان کی اس کامیابی نے نہ صرف خاندان بلکہ ملت و قوم کا نام بھی روشن کر دیا۔
معاشی طور پر انتہائی کمزور گھرانے سے تعلق رکھنے والی ناز آفرین نے ثابت کر دیا کہ مضبوط ارادے اور محنت کے سامنے غربت بھی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ ان کے والد محمد اشتیاق نے بیٹی کے تعلیمی خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے سڑکوں پر ٹوٹو چلایا۔ دو چھوٹے بیٹوں اور ایک بیٹی کی پرورش کے لیے سخت محنت اور قرض کا بوجھ برداشت کیا اور اب خلیجی ملک میں مزدوری کر رہے ہیں۔ والدہ نے بھی تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے گھر سے باہر قدم رکھا اور مسلسل جدوجہد کی۔
ذہین اور باوقار ناز آفرین نے ریاضی میں 95.4۔ فزکس میں 94.6۔ کیمسٹری میں 95.5۔ انگریزی میں 96.2 اور ہندی میں 99 نمبرات حاصل کر کے اپنے اساتذہ کی رہنمائی۔ خاندان کی پشت پناہی اور والدین کی عظیم قربانیوں کا حق ادا کر دیا۔
ہونہار ناز آفرین اب کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ کے میدان میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتی ہیں اور مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ اپنے دل میں لیے ہوئے ہیں۔