جامعہ ملیہ اسلامیہ : سابق اسکالر کو رائل سوسائٹی نیوٹن انٹرنیشنل فیلوشپ حاصل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ :  سابق اسکالر کو رائل سوسائٹی نیوٹن انٹرنیشنل فیلوشپ حاصل
جامعہ ملیہ اسلامیہ : سابق اسکالر کو رائل سوسائٹی نیوٹن انٹرنیشنل فیلوشپ حاصل

 



نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر راہل کمار والیہ کو برطانیہ کی موقر رائل سوسائٹی نیوٹن انٹرنیشنل فیلوشپ سے نوازا گیا ہے۔ اس نمایاں کامیابی کو جامعہ کے سینٹر فار تھیوریٹیکل فزکس (سی ٹی پی) اور اس کے بلیک ہول ریسرچ گروپ کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

جامعہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر راہل کمار والیہ نے اس عالمی سطح کی مسابقتی فیلوشپ کے تحت برطانیہ کی معروف یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) میں اپنی پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق کا آغاز کر دیا ہے۔ رائل سوسائٹی نیوٹن انٹرنیشنل فیلوشپ کو ابتدائی کیریئر کے سائنس دانوں کے لیے برطانیہ کی انتہائی منتخب اور باوقار تحقیقی اسکیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فیلوشپ کا مقصد اعلیٰ صلاحیت کے حامل محققین کی سرپرستی اور بین الاقوامی سائنسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ڈاکٹر والیہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینٹر فار تھیوریٹیکل فزکس میں پروفیسر سشانت جی گھوش کی نگرانی میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ ان کی تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز بلیک ہول فزکس اور گریویٹیشنل لینسنگ رہا ہے۔ ان کی تحقیق نے بلیک ہولز کے مطالعے میں نئی جہتیں متعارف کرائیں اور "کمار-گھوش بلیک ہول پیرامیٹر ایسٹیمیشن فریم ورک" کی بنیاد رکھی، جسے بین الاقوامی سائنسی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

پی ایچ ڈی کے بعد ڈاکٹر والیہ نے عالمی سطح کے متعدد تحقیقی اداروں میں خدمات انجام دیں۔ انہیں فل برائٹ۔نہرو پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ بھی حاصل ہوئی جس کے تحت انہوں نے امریکہ کی ایریزونا یونیورسٹی میں تحقیق کی۔ اس کے علاوہ وہ جنوبی افریقہ کی یونیورسٹی آف کوا زولو-نٹل میں بھی پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو کے طور پر وابستہ رہے۔

ڈاکٹر والیہ عالمی شہرت یافتہ ایونٹ ہورائزن ٹیلی سکوپ (ای ایچ ٹی) اور نیکسٹ جنریشن ای ایچ ٹی منصوبوں کے سرگرم رکن ہیں۔ ان کے تحقیقی کام کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اب تک 32 تحقیقی مقالات شائع کر چکے ہیں جنہیں 3300 سے زائد مرتبہ حوالہ دیا جا چکا ہے جبکہ ان کا ایچ-انڈیکس 23 ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے علمی حلقوں نے ڈاکٹر راہل کمار والیہ کی اس کامیابی کو ادارے کے تحقیقی معیار اور عالمی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی شناخت کا مظہر قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعزاز نہ صرف جامعہ بلکہ ہندوستانی سائنسی برادری کے لیے بھی باعث فخر ہے۔