خواتین کی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے لئے ڈاکٹر نازش بیگم کو اعزاز سے نوازا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2026
خواتین کی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے لئے ڈاکٹر نازش بیگم کو اعزاز سے نوازا گیا
خواتین کی تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کے لئے ڈاکٹر نازش بیگم کو اعزاز سے نوازا گیا

 



 علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں شعبہ ہندی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نازش بیگم کو خواتین کی تعلیم تعلیمی قیادت اور سماجی بیداری کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایک باوقار تقریب کے دوران سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ اعزاز نئی دہلی میں راؤز ایونیو کورٹ کے قریب ایچ کے ایس سرجیت ہال میں کریئیٹیو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار کے موقع پر دیا گیا جو معروف سماجی مصلحین ساوتری بائی پھولے اور فاطمہ شیخ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔

اس موقع پر ڈاکٹر نازش بیگم نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں فاطمہ شیخ کے اہم اور تاریخی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ شیخ نے ساوتری بائی پھولے کے ساتھ مل کر اپنے ہی گھر میں ایک اسکول قائم کیا تھا جو خواتین کی تعلیم کے فروغ کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب بھی ساوتری بائی پھولے کی خدمات کو یاد کیا جائے تو فاطمہ شیخ کی جدوجہد اور خدمات کو بھی برابر اہمیت دی جانی چاہیے کیونکہ دونوں نے مل کر ہندوستان میں خواتین کی تعلیم کی ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد رکھی تھی۔