نئی دہلی : ڈاکٹر خالد رضا، ایسو سی ایٹ پروفیسر،ڈپارٹمنٹ آف کمپوٹر سائنس، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’آرٹی فیشیل انٹلی جینس ان پریسزن ڈرگ ڈیزائن‘کے موضوع پر دو جلدوں پر مشتمل ایک کتابی سلسلہ شائع کیا ہے جسے ایلسویئرکے اکیڈمک پریس نے چھاپا ہے۔ مرتبہ کتاب کی رسم رونمائی یونیورسٹی میں عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی موجودگی میں ہوئی۔دونوں سربراہان نے ڈاکٹر خالد رضا کو ان کی اس اہم کامیابی پر مبارک باد دی اور مصنوعی ذہانت اور ہیلتھ کیئر کے انٹرفیس میں بین علومی تحقیق کے ضمن میں ان کی وقیع خدمات کی ستائش کی۔
مذکورہ کتاب کی دونوں جلدوں سے اس بات کی بہترین اور دلنشیں وضاحت ہوتی ہے کہ مصنوعی ذہانت دواؤں کی دریافت اور درست دوا کی تشخیص میں کس طرح انقلاب برپا کررہی ہے۔کتاب کی پہلی جلد فاؤنڈیشن اینڈ کور ٹکنیک میں اہم تصورات اور بنیادی طریقہ کار کی تفصیل ہے جب کہ دوسری جلد میں ایڈوانسڈ اپلی کیشنز میں نئی نئی پیش رفتوں اور حقیقی دنیا میں اطلاقات سے متعلق بحث کی گئی ہے۔دونوں جلدوں میں اس بات پر زور ہے کہ ڈیٹا کے طریقہ کار اور انٹلی جینٹ الگورتھم علاج معالجے کی تحقیق کو، پریڈکیٹیو ماڈلنگ اور انتہائی ترقی یافتہ شماریاتی طریقہ کاروں کے ساتھ بایولوجیکل ڈیٹا کی شمولیت کے تجربات نئے سرے سے متشکل کررہے ہیں۔
کتاب کی اشاعت، پریسزن ڈرگ ڈیزائن کے میدان میں تحقیق اور جدت کو مضبوطی فراہم کرنے میں ایک اہم قدم ہے۔ بنیادی تصورات کو ترقی یافتہ اطلاقات کے ساتھ مربوط کرنے اس کتاب کا مقصد ہیلتھ کیئر کے نتائج کو بہتر کرنے اور علاج معالجے کے نئے نئے طریقوں میں تیزی لانے لانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے سلسلے میں جاری کوششوں کو استحکام بہم پہنچاناہے۔
ڈاکٹر رضا نے اے آئی کے ڈرگ ڈیزائن اور ہیلتھ کیئر انالیٹکس میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔انہیں ’کلاریویٹ(ویب آف سائنس) انڈیا ایکسلینس رسرچ سائٹیشن ایوارڈ دوہزار پچیس‘ مل چکاہے اور وہ متواتر دنیا کے دو فی صد سر کردہ سائنس دانوں میں رہے ہیں۔ڈاکٹر رضا کو ’اے آئی ڈروین ڈرگ ڈیزائن ان بریسٹ کینسر‘ پروجیکٹ کے لیے آئی سی ایم آر سے چورانوے لاکھ کی تحقیقی گرانٹ بھی مل چکی ہے۔
ڈاکٹر رضا نے اس علمی حصولیابی میں ادارے کے تحقیقی بنیادی ڈھانچے کے اہم رول اور فعال و سرگرم قیادت کو اجاگر کرتے ہوئے شیخ الجامعہ اور مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ان کے متواتر تعاو ن و تحریک کے لیے شکریہ ادا کیا۔