کیمبرج یونیورسٹی میں اے ایم یو کی پروفیسر کی کتاب پر مذاکرہ منعقد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-07-2026
کیمبرج یونیورسٹی میں اے ایم یو کی پروفیسر کی کتاب پر مذاکرہ منعقد
کیمبرج یونیورسٹی میں اے ایم یو کی پروفیسر کی کتاب پر مذاکرہ منعقد

 



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ انگریزی کی پروفیسر سمیع رفیق کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب "Innocent Raptures: Stories on the Non-Human" (ہواکال، 2026) پر برطانیہ کی معروف کیمبرج یونیورسٹی کے وولفسن کالج میں ایک علمی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس کتاب میں انسان اور غیر انسانی دنیا کے باہمی تعلقات کو منفرد اور فکری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

یہ مذاکرہ ہائبرڈ طرز پر منعقد ہوا، جس میں کیمبرج یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین اور طلبہ نے بالمشافہ شرکت کی، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک سے متعدد علمی شخصیات اور دلچسپی رکھنے والے افراد آن لائن شریک ہوئے۔

اپنی کتاب پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر سمیع رفیق نے کہا کہ ان کی تحریروں کی بنیاد بچپن کے مشاہدات، فطرت سے قربت اور چرند و پرند کے ساتھ گہرے تعلق پر استوار ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور قدرتی وسائل کی حفاظت کو اپنی اجتماعی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھیں۔

مذاکرے میں کنگز کالج لندن کے پی ایچ ڈی اسکالر عبدالصبور قدوائی اور اے ایم یو کے شعبۂ انگریزی کے ڈاکٹر آیوش گوڑ نے بھی کتاب کے مختلف فکری، ادبی اور ماحولیاتی پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کی نظامت کیمبرج یونیورسٹی کی پی ایچ ڈی اسکالر مس مدیحہ نعمان نے کی۔ پروگرام کا اختتام شرکاء کے سوال و جواب کے دلچسپ سیشن اور مصنفہ کی کتاب پر دستخط کی تقریب کے ساتھ ہوا