علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف آرٹس کی جانب سے شعبہ انگریزی کی استاد اور دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما کے اعزاز میں آرٹس فیکلٹی لاؤنج میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جنھیں اس سال نیشنل ٹیچرز ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ پروفیسر وبھا شرما کو صدر جمہوریہ ہند کے بدست یہ ایوارڈ یوم اساتذہ کے موقع پر گزشتہ 5 ستمبر کوپیش کیا گیا تھا۔ یہ اعزاز حکومت ہند کی جانب سے تدریس و تحقیق اور مینٹرشپ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے پروفیسر وبھا شرما کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا”پروفیسر شرما نے اے ایم یو کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کی یہ کامیابی ہماری یونیورسٹی کی علمی عظمت کی زندہ مثال ہے۔ وہ سر سید کے تعلیمی وژن کی حقیقی ترجمان ہیں“۔
فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر ٹی این ستھیسن نے اس موقع پر کہا ”یہ جشن صرف ایک ایوارڈ کا نہیں بلکہ علم اور علمی رہنمائی کی ان اقدار کا جشن ہے، جن کی نمائندگی اے ایم یو کرتا ہے۔ پروفیسر شرما کی کامیابی ہم سب کے لیے باعث فخر و مسرت ہے“۔ تقریب میں پروفیسر ستھیسن کی نئی تصنیف ”ایکوز آف ہیریٹیج“ کی رونمائی بھی کی گئی۔
شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن پروفیسر شاہینہ ترنم نے کہا ”پروفیسر شرما کی انکساری، ان کا فکری میلان اور جذبہ ہمیشہ سے طلبہ کے لیے محرک رہا ہے۔ ان کا ایوارڈ نوجوان اسکالرز کے لئے یقینا باعث تحریک ہوگا“۔
انسٹی ٹیوٹ آف پرشیئن ریسرچ کی اعزازی مشیر پروفیسر آذرمی دخت صفوی نے کہا ”اس ایوارڈ سے فیکلٹی آف آرٹس کا قد بلند ہوا ہے اور یہ اے ایم یو کی علمی میراث کو مزید مستحکم کرتا ہےسینئر فیکلٹی رکن پروفیسر محمد رضوان خان نے کہا ”پروفیسر شرما کا تعلیمی سفر عزم مصمم، ذہانت اور لگن کا مظہر ہے اور وہ اساتذہ و طلبہ دونوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں“۔
اپنے جذباتی کلمات تشکر میں پروفیسر وبھا شرما نے کہا ”یہ ایوارڈ میرے تمام اساتذہ، بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں اور میرے محبوب ادارے اے ایم یو کاہے۔ جب وگیان بھون میں میرا نام ”فرام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی“ کے ساتھ پکارا گیا تو وہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا۔ اے ایم یو نے مجھے وہ سب کچھ دیا ہے جو میں ہوں، اور یہ احسان کبھی نہیں چکا سکتی“۔ انھوں نے ایوارڈ کو اے ایم یو کی تدریسی ثقافت کابھی جشن قرار دیا۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر زید اے صدیقی نے کی۔ اس موقع پر اے ایم یو کے افسران، اساتذہ، عملہ کے اراکین اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس سے قبل شعبہ انگریزی کی سیمینار لائبریری میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں صدر شعبہ پروفیسر شاہینہ ترنم نے پروفیسر شرما کو ایک توصیفی سند اور گلدستہ پیش کر کے انھیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پروفیسر شرما کی دستیابی کو شعبہئ انگریزی کے لیے لائق فخر اور باعث اعزاز قرار دیا۔ پروفیسر ثمینہ خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پروفیسر شرما پر اب کیمپس میں نوجوان اساتذہ کی تربیت کی اضافی ذمہ داری بھی آگئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح اس ذمہ داری کو بخوبی ادا کریں گی۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر اکبر جوزف اے سید نے کی