علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے بی ٹیک کے دوسرے سال کے طلبہ محمد ایان اور تابش شاہ محسن نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی) بنگلورو کے زیر اہتمام قومی سطح کے ”دی بنگلورو لاسٹ مائل چیلنج 2025“ ہیکاتھان میں دوسرا انعام حاصل کر کے یونیورسٹی کا نام روشن کیا۔
یہ مقابلہ بنگلورو میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی)، نمہ یاتری اور ماروتی سوزوکی کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس کا مقصد بنگلورو میں آخری مرحلے کی ٹرانسپورٹ سروس کو بہتر بنانے کے لیے جدید، ڈیٹا پر مبنی پائیدار نظام تیار کرنا تھا۔
ٍہندوستان کے ممتاز اداروں کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے میں اے ایم یو کے دونوں طلبہ نے مشین لرننگ اور شہری ٹرانسپورٹ کے تجزیاتی نظام کے امتزاج سے اپنی تخلیقی سوچ اور تکنیکی مہارت سے ججوں کو متاثر کیا۔ ان کی یہ کامیابی مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور ذہین ٹرانسپورٹ سسٹمز کے شعبوں میں اے ایم یو کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور یونیورسٹی کی اس پالیسی کو ظاہر کرتی ہے جو طلبہ میں اختراعی سوچ اور عملی مسائل کے حل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔