اے ایم یو کی سینئر استاذ پروفیسر وِبھا شرما اساتذہ کے نیشنل ایوارڈ 2025 کیلئے منتخب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2025
اے ایم یو کی سینئر استاذ پروفیسر وِبھا شرما اساتذہ کے نیشنل ایوارڈ 2025 کیلئے منتخب
اے ایم یو کی سینئر استاذ پروفیسر وِبھا شرما اساتذہ کے نیشنل ایوارڈ 2025 کیلئے منتخب

 



 

 

علی گڑھ، 26 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے فخر کا موقع ہے کہ فیکلٹی آف آرٹس کے شعبہ انگریزی کی سینئر استاذ، پروفیسر وِبھا شرما کو وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور پالی ٹیکنکس کے اساتذہ کے لیے قائم کردہ باوقار ”نیشنل ایوارڈ ٹو ٹیچرز 2025'“ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ انہیں عزت مآب صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے 5 /ستمبر 2025 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ تقریب میں دیا جائے گا۔ پروفیسر شرما پورے ملک سے منتخب ہونے والے صرف 21 اساتذہ میں شامل ہیں۔

 

یہ ایوارڈ ہندوستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے، جس میں تعریفی سند، چاندی کا تمغہ اور پچاس ہزار روپے نقد انعام شامل ہے۔ پروفیسر شرما، جو اے ایم یو میں رابطہ عامہ کی انچارج کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں، نے اپنی علمی اور انتظامی خدمات کے ذریعے یونیورسٹی کو نمایاں وقار بخشا ہے۔

 

اے ایم یو کی وائس چانسلر، پروفیسر نعیمہ خاتون نے پروفیسر شرما کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ''یہ اعزاز نہ صرف پروفیسر وبھا شرما کی علمی لگن اور محنت کا اعتراف ہے بلکہ اے ایم یو کے اس عزم کا بھی اظہار ہے کہ ہم ایسے اساتذہ تیار کرتے ہیں جو اعلیٰ تعلیم میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ قومی سطح پر ان کی پہچان پوری یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔'' انہوں نے مزید پروفیسر شرما کی ایم او او سی ایس اور ایس ڈبلیو اے وائی اے ایم کورسز کی تیاری میں شراکت اور ڈرامہ و تھیٹر اسٹڈیز میں مہارت کی بھی تعریف کی۔

 

پرو وائس چانسلر، پروفیسر ایم محسن خان نے اس ایوارڈ کو ''اے ایم یو کے لیے نہایت فخر کا لمحہ اور یونیورسٹی کی مضبوط تعلیمی روایت کا ثبوت قرار دیا جو تدریس اور تحقیق میں درجہ کمال کے حصول کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔''

 

رجسٹرار، مسٹر محمد عمران، آئی پی ایس نے کہا کہ ''ایسے اعزازات اے ایم یو کے اساتذہ کو مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور قومی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کرنے کی تحریک دیتے ہیں۔ ممکنہ طور پر پروفیسر شرما اس ایوارڈ کی حقدار بننے والی یونیورسٹی کی پہلی فیکلٹی ممبر ہیں۔''

 

ڈین فیکلٹی آف آرٹس، پروفیسر ٹی این ستیسن نے ان کے علمی کارناموں اور جدید تدریسی طریقوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ''ان کی تدریس اور تحقیق نے طلبہ اور ساتھی اساتذہ کو متاثر کیا ہے، اور یہی حقیقت اس ایوارڈ کی اصل روح ہے۔ پروفیسر شرما نے مسلسل طلبہ میں تنقیدی فکر اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کی ہے، جس سے فیکلٹی آف آرٹس کی علمی ساکھ یونیورسٹی کے اندر اور باہر بلند ہوئی ہے۔''

 

شعبہ انگریزی کی صدر، پروفیسر شاہینہ ترنم نے کہا کہ ''پروفیسر وبھا شرما کا یہ اعزاز ہمارے شعبہ کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے انگریزی ادب کی تدریس میں معیار پر مبنی تعلیم کو فروغ دے کر ہمارے تعلیمی ماحول کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔''

 

اے ایم یو کے افسر رابطہ عامہ مسٹر عمر پیرزادہ نے کہا کہ ''میڈیا ریلیشنز میں ان کی مہارت نے اے ایم یو کی عوامی شبیہ کو بہت بہتر بنایا ہے اور ان کی قومی سطح پر پہچان یونیورسٹی کے لیے ایک اور سنگ میل ہے۔''

 

اے ایم یو برادری نے پروفیسر وبھا شرما کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی، جن کی یہ کامیابی پورے ملک کے اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ہے