علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج کے فیکلٹی ممبر اور ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر ڈاکٹر منصور عالم صدیقی کو نیشنل جیو اسپیشل ایوارڈز 2025 – ایڈیشن کے تحت ”ایکسِلینس اِن آؤٹ ریچ ایوارڈ“ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز آئی آئی ٹی بمبئی میں اوپن سورس جی آئی ایس ڈے تقریبات کے دوران دیا گیا، جس میں جیو اسپیشل سائنس و تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اداروں کو سراہا گیا۔
ڈاکٹر صدیقی 2020 سے فری اینڈ اوپن سورس سافٹ ویئر فار ایجوکیشن (فوسّی-جی آئی ایس) کے فروغ میں سرگرم عمل ہیں، اور انہوں نے مختلف بیداری سیشنز کے ذریعہ اس پروگرام کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی کوششوں کے باعث متعدد اداروں میں تعلیمی فوائد کو وسعت ملی ہے۔ کیمپس پلیسمنٹ سے ان کی طویل وابستگی نے بالخصوص ویمنس کالج کی طالبات کو آن لائن پروگرامز، ورکشاپس اور انٹرن شپ میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کیے۔
یہ ایوارڈ اِسرو کے سابق چیئرمین مسٹر کرن کمار کے ہاتھوں پیش کیا گیا، جو اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ اس اعزاز سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جیو اسپیشل سائنسز میں جدت طرازی اور تعلیمی امتیاز کے فروغ کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔