علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی این سی سی اکائی کی1/8 اور 2/8 کمپنیوں کے سات کیڈٹس نے 2 جولائی تا 11 جولائی 2025 منگلایتن یونیورسٹی، بیسوان میں منعقدہ مشترکہ سالانہ تربیتی کیمپ (سی اے ٹی سی-42) میں عمدہ کارکردگی اور ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعزازات حاصل کیے۔ یہ کیمپ 8 یو پی بٹالین این سی سی، علی گڑھ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر یو او دیپک کمار کو کیمپ سینئر کے طور پر ان کے کردار کے لئے گولڈ میڈل سے نوازا گیا، جبکہ سارجنٹ محمد عامر حسین نے ثقافتی پروگرام میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان کے علاوہ سارجنٹ آرین انصاری نے گلوکاری کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا اور سارجنٹ اِبشار علی کو فلیگ ایریا ایونٹ میں شرکت پر گولڈ میڈل دیا گیا۔ رسہ کشی کے مقابلے میں سارجنٹ اویس خان، سارجنٹ دیپانشو اور سارجنٹ یوراج مان رانا نے اجتماعی طور پر گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
دس روزہ کیمپ کے دوران کیڈٹس کو کیمپ کمانڈنٹ اور 8 یو پی بٹالین این سی سی کے کمانڈنگ آفیسر کرنل اجے لمبا کی جانب سے مسلسل حوصلہ افزائی اور رہنمائی ملی۔ کیڈٹس کی کامیابی پر اے ایم یو این سی سی اکائی دفتر میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جہاں انہیں 1/8کوائے کے کمانڈر کیپٹن فاروق احمد ڈار اور 2/8 کوائے کے کمانڈر کیپٹن نجف علی خان نے اعزازات سے نوازا۔