اے ایم یو :پانچ طلبہ کو جرمنی میں سمر کورس کے لیے اسکالرشپ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-04-2026
اے ایم یو :پانچ طلبہ کو جرمنی میں سمر کورس کے لیے اسکالرشپ
اے ایم یو :پانچ طلبہ کو جرمنی میں سمر کورس کے لیے اسکالرشپ

 



علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے شعبہ غیر ملکی السنہ (جرمن اسٹڈیز) کے پانچ طلبہ کو ڈی اے اے ڈی سمر کورس 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے جو جرمنی میں منعقد ہوگا۔

منتخب طلبہ میں اقراء نسیم، سبط مصطفیٰ اور سونیا (بی اے جرمن اسٹڈیز سال سوم)، شمامہ سیف (سال دوم)، اور حریم بیگ شامل ہیں جو شعبہ کی سابق طالبہ ہیں اور اس وقت ایم بی اے کر رہی ہیں۔

اقراء نسیم ہائیڈلبرگ یونیورسٹی، سبط مصطفیٰ باہاؤس یونیورسٹی وائمار، سونیا گوئٹے انسٹی ٹیوٹ گوٹنگن، حریم بیگ انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل کمیونیکیشن برلن، جبکہ شمامہ سیف انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل کمیونیکیشن ڈسلڈورف میں سمر کورس میں شرکت کریں گی۔

یہ سمر کورس مکمل طور پر مالی اعانت یافتہ بین الاقوامی پروگرام ہے جس میں ٹیوشن فیس، رہائش، انشورنس اور ثقافتی سرگرمیوں کے اخراجات شامل ہوتے ہیں۔ اس کا مقصد طلبہ کی لسانی مہارتوں کو فروغ دینا اور بین ثقافتی آگہی میں اضافہ کرنا ہے۔

فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور شعبہ غیر ملکی السنہ کے چیئرمین پروفیسر آفتاب عالم نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں شعبہ کی تعلیمی برتری کی عکاسی کرتی ہیں۔

شعبہ کے اساتذہ مسٹر سید سلمان عباس، محترمہ سمن سنگھ اور ڈاکٹر سبیر پی ایم نے بھی طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کی محنت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع کے لیے تیاری کو سراہا۔