علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ جیولوجی کے 8 طلبہ نے اس سال جوائنٹ سی ایس آئی آر-یو جی سی قومی اہلیت ٹیسٹ (نیٹ) 2025 میں کامیابی حاصل کی ہے، جس میں سے چار نے جونیئر ریسرچ فیلوشپ (جے آر ایف) حاصل کی، جبکہ چار طلبہ نیٹ زمرہ میں کامیاب ہوئے۔
جے آر ایف پاس کرنے والے طلبہ میں مس ہادیہ (آل انڈیا رینک: 37)، شرجیل اقبال (آل انڈیا رینک:48)، عامر سعید (آل انڈیا رینک: 54) اور محمد معین (آل انڈیا رینک: 55) شامل ہیں، جب کہ نیٹ زمرہ میں کامیاب ہونے والوں میں شعیب خان (آل انڈیا رینک: 12)، داراب جمیل (آل انڈیا رینک: 77)، آفرین نشا (آل انڈیا رینک: 85) اور ممتاز خان(آل انڈیا رینک: 86) شامل ہیں۔ شعبہ جیولوجی کے چیئرمین پروفیسر راشد عمر نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی انتھک محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے، نیز اساتذہ کی مسلسل رہنمائی اور علمی معیار کو فروغ دینے کے عزم کی بھی عکاس ہے۔