علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: پروفیسر عرفان حبیب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2025
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: پروفیسر عرفان حبیب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: پروفیسر عرفان حبیب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

 



 علی گڑھ، 16 اکتوبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ تاریخ، سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی نے ممتاز مؤرخ اور ایمیریٹس پروفیسر عرفان حبیب کو اُن کی شاندار علمی خدمات، رہنمائی، اور شعبے و یونیورسٹی سے عمر بھر کی وابستگی کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔

یہ ایوارڈ شعبے کی جانب سے سبکدوش ہونے والے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے اعزاز میں منعقدہ ایک خصوصی الوداعی تقریب میں پیش کیا گیا۔ یہ تقریب صدرِ شعبہ پروفیسر حسن امام کی قیادت اور رہنمائی میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے اساتذہ پروفیسر طارق احمد، پروفیسر روحی عابدہ احمد، پروفیسر گلفشاں خان، پروفیسر محمد افضل خان اور پروفیسر علی اطہر کے ساتھ ساتھ 25 غیر تدریسی عملے کے اراکین کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

ایک خصوصی نشست ممتاز مؤرخین پروفیسر ایس۔پی۔ ورما، پروفیسر پشپا پرساد، پروفیسر شیریں موسوی، پروفیسر ایس۔ جابر رضا، پروفیسر ایس۔ایل۔ایچ۔ معینی، پروفیسر اشتیاق احمد ظلی، اور پروفیسر کے۔اے۔ایس۔ایم۔ عشرت عالم کے اعزاز میں بھی منعقد کی گئی، جنہوں نے علمی اور ادارہ جاتی سطح پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

تقریب کی نظامت ڈاکٹر لبنیٰ عرفان نے کی، جبکہ ڈاکٹر ثناء عزیز نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔