علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور معروف زرعی جینیاتی اور نباتاتی افزائش کے سائنس دان پروفیسر راجیو کے ورشنی نے 100000 حوالہ جات حاصل کرنے کا غیر معمولی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ یہ کامیابی پودوں کی جینیاتی ساخت فصلوں کی بہتری اور زرعی تحقیق کے شعبے میں ان کی بنیادی نوعیت کی تحقیق کے عالمی اثرات کو اجاگر کرتی ہے۔ وہ اس وقت آسٹریلیا کی مرڈوک یونیورسٹی کے فوڈ فیوچرز انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس اہم کامیابی پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے حلقوں میں خوشی اور فخر کا اظہار کیا گیا ہے۔ خصوصاً شعبہ نباتیات کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے یہ ایک قابل فخر موقع ہے جہاں پروفیسر ورشنی نے بی ایس سی اور ایم ایس سی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ جینوم کی ترتیب سازی جینیاتی تحقیق جینیاتی تنوع کے وسیع مطالعے بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور موسمی دباؤ برداشت کرنے والی فصلوں کے حوالے سے ان کی تحقیق نے ایشیا افریقہ اور آسٹریلیا کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والی اور پائیدار زرعی حکمت عملیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جون 2026 میں ورلڈ فوڈ پرائز فاؤنڈیشن نے پروفیسر ورشنی کو 2026 کے نمایاں زرعی و غذائی پیش روؤں میں شامل کیا تھا۔ انہیں دنیا بھر کے ان 40 ماہرین میں جگہ دی گئی جنہیں فصلوں کی بہتری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں غیر معمولی اور دور رس خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا گیا۔
پروفیسر ورشنی رائل سوسائٹی کے رکن اور ہندوستان کی چاروں قومی سائنسی اکیڈمیوں کے رکن بھی ہیں۔ انہیں جینیاتی تحقیق کی بنیاد پر جدید زرعی اختراعات کو فروغ دینے اور زرعی سائنس کو نئی سمت دینے کے لیے عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
پروفیسر ورشنی اپنی سائنسی زندگی کی تشکیل میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کردار کا اعتراف کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق یونیورسٹی کے علمی ماحول اور ان کے اساتذہ و رہنماؤں نے ان میں علمی جستجو سائنسی مزاج اور اعلیٰ معیار کے لیے عزم پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انتظامیہ اور شعبہ نباتیات نے پروفیسر ورشنی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ یونیورسٹی نے 100000 حوالہ جات کا سنگ میل ان کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے اسے عالمی زرعی تحقیق پر ان کے دیرپا اثرات کا ثبوت بتایا۔ ان کی یہ کامیابی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اس علمی روایت کو مزید مضبوط کرتی ہے جس کے تحت ایسے محققین اور ماہرین تیار ہوئے جن کی تحقیقات انسانیت کو درپیش اہم مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔