سال 2025 ہندوستانی اسپورٹس میں کامیابیاں اور کارنامے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2025
سال  2025 ہندوستانی اسپورٹس میں کامیابیاں اور کارنامے
سال 2025 ہندوستانی اسپورٹس میں کامیابیاں اور کارنامے

 



آمنہ فاروق

ہندوستانی اسپورٹس کے لیے 2025 کا سال یادگار رہا،خاص طور پر ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کی کامیابیوں نے اسپورٹس کی دنیا میں جوش و جنون کی نئی لہر پیدا کردی ہے ۔ سال بھر اتار چڑھاو اور تنازعات کے درمیان کچھ کامیانیوں اور کارناموں نے ملک کو جھومنے پر مجبور کردیا ۔کرکٹ، ایتھلیٹکس ،شطرنج ،کبڈی اور ہاکی کے ساتھ اسکوائش نے سال 2025 میں اپنا لوہا منوایا ۔ کھلاڑیوں نے بڑی رکاوٹیں ڈھا دیں اور وہ اعزازات حاصل کیے جن کا برسوں سے انتظار تھا۔عالمی سطح پر تاریخی فتوحات سے لے کر ایسے ذاتی سنگ میل تک جنہوں نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا۔ یہ سال مختلف کھیلوں میں ملک کی بڑھتی ہوئی قوت اور مسلسل ترقی کا ثبوت بنا۔ جبکہ انتظامی سظح پرہندوستان کا لوہا مانتے ہوئے باضابطہ طور پر کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی کے حقوق سے نوازا گیا۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ کھیلوں کی دنیا کے لیے رخصت ہوتا سال مایوس کن نہیں رہا ۔

کرکٹ میں لہرایا ترنگا

کرکٹ میں ہندوستان کے لیے کیا مرد اور کیا خواتین سب نے اپنے اپنے میدانوں میں پرچم گاڑے ،یہاں تک کے بلائنڈ کرکٹ میں بھی ہندوستان کا ہی ڈنکا بجا ۔

ٹیم انڈیا کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی

سال 2025 میں مردوں کی کرکٹ ٹیم نے تیسری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت کر اپنی برتری ثابت کی ۔ ہندوستان کی مردوں کی ٹیم نے فروری اور مارچ میں پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم نے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سبقت حاصل کی اور فائنل میں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کو چار وکٹ سے شکست دی۔ ہندوستان کا سفر بنگلہ دیش اور روایتی حریف پاکستان کے خلاف شاندار فتوحات سے بھرا ہوا تھا جس نے محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کی بالادستی کو مزید مضبوط کیا۔ یہ چیمپئنز ٹرافی کی تیسری جیت تھی۔ اس سے پہلے یہ ٹائٹل 2002 اور 2013 میں حاصل کیا گیا تھا۔اس ٹورنامنٹ میں کئی سنگ میل قائم ہوئے۔ کوہلی سب سے تیزی سے 14000 او ڈی آئی رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بنے۔ محمد شامی نے 200 او ڈی آئی وکٹیں حاصل کر لیں اور روہت شرما نے آئی سی سی او ڈی آئی ایونٹس میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا۔

ایشیا کپ کی فتح

ٹیم انڈیا کے لیے 2025 کی دوسری بڑی کامیابی ایشیا کپ رہا ۔ یہ 9 ستمبر سے 28 ستمبر 2025 تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوا۔ فائنل میں ہندوستان نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر اپنا نواں ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ویمنزورلڈ کپ پر لڑکیوں کا قبضہ

ہندوستان کی ویمنزکرکٹ ٹیم نے سال 2025 میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ پہلی بار جیتا۔ یہ ہندوستانی خواتین کھیلوں کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ مگر یہ کامیابی کوئی راتوں رات نہیں ملی بلکہ ویمنز کرکٹ میں طویل جدوجہد اور محنت کا نتیجہ رہی ۔یہ کامیابی صرف ایک ٹرافی نہیں تھی بلکہ خواتین کرکٹ کی دہائیوں کی محنت کا ثمر تھی ۔ یہ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں ہرمن پریت کور کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دی۔ہندوستان لیگ مرحلے میں چوتھے نمبر پر رہا لیکن ناک آؤٹ میں شاندار انداز میں آگے بڑھتے ہوئے فائنل تک پہنچا اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ہرایا۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے ہندوستان کی تاریخی فتح کے بعد ٹیم کے لیے 51 کروڑ روپے کے بڑے نقد انعام کا اعلان کیا۔اس کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 45 لاکھ امریکی ڈالرز(39.78 کروڑ روپے) کے انعام کا اعلان کیا۔جس کے سبب مجموعی طور پر ویمنز ٹیم انڈیا کو 123 کروڑ روپے انعام میں ملے۔

بلائنڈز کرکٹ میں بھی فاتح عالم

بلائنڈز ورلڈ کپ کی جیت

ایک بڑی کامیابی بلائنڈز کرکٹ میں بھی ملی ،جب ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے افتتاحی بلائنڈ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں جیتا۔ جس میں ہندوستان، نیپال، پاکستان، سری لنکا، آسٹریلیا اور امریکہ شامل تھے ۔نابینا افراد کے افتتاحی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، پاکستان، سری لنکا، امریکہ اور نیپال سمیت دنیا بھر کی ٹیمیں شامل تھیں۔ ہندوستان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا۔ناقابل شکست چیمپئن بنا ، لڑکیوں نے سری لنکا ، آسٹریلیا ،پاکستان کو ہرایا اور فائنل میں نیپال کو شکست دی ۔

ہندوستان ہاکی میں ایشیا کا کنگ

بات ہاکی کی کریں تو مداحوں کو طویل عرصے بعد کسی کامیابی کا جشن منانے کا موقع ملا ۔جب ستمبر 2025 میں ہندوستانی ہاکی ٹیم ایشیا کپ جیتا ،جنوبی کوریا کو فائنل میں 4-1 سے شکست دی ۔ اس جیت کے ساتھ 8سال بعد ایشیا کپ کا خطاب واپس ہندستان آیا اور ٹیم نے اگلے ورلڈ کپ میں جگہ بھی پکی کی۔ یہ ٹورنامنٹ اگست اور ستمبر میں راجگیر بہار میں ہوا جہاں میزبان ہونے کے ناتے ٹیم نے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے سبقت حاصل کی اور فائنل میں جنوبی کوریا کو شاندار انداز میں شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ سپر فور مرحلے میں بڑی کامیابیاں ملیں جہاں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں نے کپتان ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں بہترین کھیل پیش کیا۔ یہ جیت پچھلے چند برسوں کی کمزوریوں کے بعد ایک طرح کی واپسی تھی جس نے حکمت عملی میں بہتری اور مضبوط دفاع کو نمایاں کیا۔

پیرااولمپکس میں لہرایا ترنگا

ہندوستان نے پہلی بار ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں اپنی دھاک جمائی ،جوملک کی دارالحکومت نئی دہلی میں 12ویں بار 27 ستمبرتا5 اکتوبرمنعقد ہوئی ،میزبان ہندوستان نے تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 10ویں مقام حاصل کیا ۔ مجموعی طور پر 22 تمغے حاصل کیے جن میں 6 گولڈ 9 سلور اور 7 برونز شامل تھے۔ اس سے پہلے 2024 میں جاپان کے شہر کوبے میں ہونے والی چیمپئن شپ میں ہندوستان نے 17 تمغے حاصل کیے تھے جن میں 6 گولڈ 5 سلور اور 6 برونز تھے۔ہندوستانی دستے میں 73 ایتھلیٹس شامل تھے جن میں 54 مرد اور 19 خواتین تھیں۔اس چیمپئن شپ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے 3 چیمپئن شپ ریکارڈ، 7 ایشیائی ریکارڈ اور 30 سے زیادہ ذاتی بہترین کارکردگیاں پیش کیں۔عالمی مقابلے میں 104 ممالک کے 2000 سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ تھا

انفرادی کارنامے

ایک جانب جہاں ہندوستان نے ٹیم انڈیا کے نام پر کرکٹ سے ہاکی تک پرچم لہرائے تو دوسری جانب انفرادی کامیابیوں اور کارناموں کی بھی ایک طویل فہرست ہے ،سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں جویلن میں نیراج چوپڑا کی ، جنہوں نے رکاوٹیں توڑتے ہوئے 90 میٹر سے زیادہ کا تھرو کیا۔ یہ کارنامہ ایتھلیٹکس میں ہندوستان کے لیے ایک نئی تاریخ ہے۔

اس کے ساتھ ہی شطرنج میں ڈی گوکیش نے عالمی شطرنج چیمپئن بن کر ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔

نشانے بازی میں منو بھاکر نے نیشنل اسپورٹس ایوارڈز حاصل کیے۔ سمراٹ رانا 10ایم ایئر پسٹل کے ورلڈ چیمپئن بنے۔

تیرا اندازی میں جوتھی سوریکھا وینم وہ پہلی ہندوستانی خاتون بنیں جنہوں نے ورلڈ کپ فائنل میں میڈل حاصل کیا۔ کمپاؤنڈ آرچری میں انہوں نے برونز جیت کر تاریخ رقم کی۔ سال 2025 ہندوستانی کھیلوں کے لیے سرحدوں سے آگے بڑھنے کا سال ثابت ہوا۔ یہ کامیابیاں ہمت جدت اور اجتماعی خوشی کی علامت بنیں۔ 2026 کے لیے جو بنیاد اس سال رکھی گئی وہ مزید بلندیوں کی امید دلاتی ہے۔ دعا ہے کہ نئے سال میں مزید میڈلز ٹائٹل اور یادگار کہانیاں سامنے آئیں۔