امجد اللہ' کا پرجا دربار : حیدرآباد میں انسانی خدمت کا بے مثال نمونہ'

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-10-2021
پرجا دربار
پرجا دربار

 

 

اس کی امیدیں قلیل' اس کے مقاصد جلیل

اس کی ادا دل فریب'اس کی نگہ دل نواز

نرم دم گفتگو' گرم دم جستجو

رزم ہو یا بزم' پاک دل و پاکباز

 

( حید رآباد ۔  ابو مصطفی (ایس  ایم  وائی 

جب نوابوں کا شہر سوتا ہے تو ایک ایسا خدمت گزار جاگتا ہے جو رات بھر میں لاتعداد ضرورت مندوں کے لئے مسیحا کا کردار نبھاتا ہے۔کسی کے اسپتال کا بل ،کسی کے گھر کا کرایہ،کسی کی تعلیم کا خرچ ،کسی کا شادی کا خرچ ۔وہ رات بھر لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں مصروف رہتا ہے۔ یہی اس کی زندگی کا مقصد ہے اور معمول بھی ۔ یہ ہیں پرجا دربار (عوامی دربار) کے محرک و روح رواں اور مجلس بچائو تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد ،جن کی رہائش گاہ '''دارالامان ''موقوعہ چنچل گوڑ ہر رات ضرورت مندوں کی منزل ہوتی ہے۔ جہاں رات بھر وہ اپنے سرگرم رضاکاروں کے ساتھ ہر کسی کا مسئلہ اور درد دور کرنے میں جٹے رہتے ہیں ۔ 

شہر حیدرآباد میں امجد اللہ خان خالد محتاج تعارف نہیں ہیں ۔ وہ پچھلے پانچ ماہ سے جاری اس انوکھے پرجا دربار کو ایک کامیاب تجربہ مانتے ہیں ،ساتھ ہی کہتے ہیں کہ انسانیت کی خدمت میری زندگی کا نصب العین ہے۔ میں اپنی آخری سانس تک غریبوں ' مسکینوں ' بیوائوں ' یتیموں ' یسیروں ' محتاجوں' بے سہارا اور پریشان حال افراد کی مدد کر تا رہوں گا۔ میرا دل خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہے اور میرے دل میں غر یبوں کے لئے تڑپ ہے۔ میں کسی کو بھی روتا ' بلکتا اور سسکتا ہو ا نہیں دیکھ سکتا۔ اللہ تعالیٰ مجھ جیسے احقر اور ناچیز سے جو کچھ بھی خدمت لے رہا ہے اس سے میں مطمئن اور خوش ہوںاور بارگاہ ایزدی میں شکر بجا لاتا ہوں۔ 

awazurdu

نصف رات سےصبح طلوع آفتاب تک جاری رہتا ہے مشن 

امجد اللہ خان خالد کا تعلق سیاسی خاندان سے ہے ۔ وہ غازی ملت محمد امان اللہ خان مرحوم کے فرزند ہیں۔ امجد اللہ خان خالد اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بے لوث خدمت انجام دے رہے ہیں۔ غریبوں کی فلاح و بہبود اور مدد کے لئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔ انہوں نے کورونا وباء اور لاک ڈائون کے باعث پریشان حال افراد کی مدد کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ان کی جانب سے شروع کردہ پرجا دربار پروگرام ایک تحریک میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس سے ہزاروں پریشان حال افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

پرجا دربار اور غریبوں کی داد رسی

کورونا وباء اور لاک ڈائون کی وجہ سے معیشت پر مضر اثرات مرتب ہوئے۔ غریبوں کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا ایسے نازک اور سنگین حالات میں امجد اللہ خان خالد نے غریبوں میں غذائی اجناس کی تقسیم کا آغاز کیا۔

اس دوران پریشان حال لوگوں کا نہ صرف تانتا بندھ گیا بلکہ مدد کے لئے روزآنہ سینکڑوں کال موصول ہونے لگے۔امجد اللہ خان خالد نے غریبوں کی مدد کے جذبہ کے تحت اپنی رہائش گاہ و پارٹی آفس میں پرجا دربار کا آغاز عمل میں لایا۔ ابتداء میں پرجا دربار سے درجنوں افراد رجوع ہوئے اور اپنے مسائل کی یکسوئی پر چہروں پر مسکراہٹ لے کر لوٹے۔ دیکھتے ہی دیکھتے پرجا دربار کی مقبولیت میں بے انتہا اضافہ ہوا او ر اب پرجا دربار سے یومیہ سینکڑوں افراد رجوع ہورہے ہیں۔

گزشتہ 150 یوم سے پرجا دربار مسلسل اور متواتر جاری ہے ۔ امجد اللہ خان خالد کے ساتھ ان کی شریک حیات اور پارٹی کے سرگرم کارکنان جملہ 26افراد پر جا دربار کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پرجا دربار میں ہجوم کو دیکھتے ہوئے ٹوکن سسٹم کو متعارف کیا گیا ہے۔

رات کی تاریکی میں انسانیت کی عظیم اور مثالی خدمت

امجد اللہ خان خالد ' پرجا دربار کے ذریعہ عوام کی خدمت میں صبح و شام مصروف عمل ہیں۔ عموماً رات میں پرجا دربار کا آغاز عمل میں آتا ہے اور یہ فجر کی نماز سے قبل تک جاری رہتا ہے۔ رات کے اوقات میں جب سارا عالم سوتا ہے تب امجد اللہ خان خالد رات کی تاریکی میں پریشان حال اور مجبور افراد کی مشکلات اور پریشانیوں کی سماعت کرتے ہیںاور ان کے مسائل کی یکسوئی کے لئے ہر ممکن مساعی کر تے ہیں ۔

awazurdu

ہر کسی کے مسئلے کا حل تلاش کیا جاتا ہے پرجا دربار میں 

ضرورت مندوں کی مدد کا طریقہ کار

امجد اللہ خان خالد ' غریبوں ' پریشان حال اور بیمار افراد کی مشکلات کی بغور سماعت کر تے ہیں پھر ان کا تفصیلی ویڈیو بنا یا جاتا ہے اور یہ ویڈیو سماجی رابطہ کی سائٹس پر پوسٹ کیا جاتا ہے ۔ پریشان حال ' بیمار اور ضرورت مند افراد کے ہی اکائونٹس نمبرات اور تفصیلات کو پیش کیا جاتا ہے۔

متاثرین کو کتنی رقم کی ضرورت ہے اس کا بھی واضح طور پر تذکرہ کیا جاتا ہے کیونکہ اتنی رقم کا بندوبست ہونے پر امداد کا سلسلہ روک دیا جاسکے۔امجد اللہ خان کی اپیل پر حیدرآباد کے علاوہ بیرون ممالک میں مقیم مخیر حضرات ضرورت مندوں کے اکائونٹس میں عطیات جمع کر واتے ہیں اور اس کی تفصیلات امجد اللہ خان خالد کو بھی شیئر کر تے ہیں۔

علاوہ ازیں امجد اللہ خان خالد ' ان کے افراد خاندان اور رشتہ داروں کی طرف سے بھی متاثرین کی بھر پور مدد کی جاتی ہے۔ امجد اللہ خان کی اپیل پر زبردست ردعمل سا منے آ رہا ہے ۔ صاحب ثروت اور اہل خیر حضرات ضرورت مندوں کی فراخدلانہ مد د کر رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے تا حال ہزاروں افراد کے مسائل کی یکسوئی عمل میں آ ئی ہے۔

شہرت کی بلندیوں پر

 انسانیت کی بے لوث اور مثالی خدمت کے ذریعہ امجد اللہ خان شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں ۔ گوگل پر صرف پرجا دربار ٹائپ کرنے پر سب سے پہلے امجد اللہ خان خالد کے پرجا دربار کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔ بغیر کسی عہدہ کے عوامی خدمات پر انہیں غریبوں کا ہمدرد اور مسیحا بھی کہا جا رہا ہے۔

 پرجا دربار سے شہر حیدرآباد کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کے عوام بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ بلا لحاظ مذہب و ملت غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے ۔ پرجا دربار سے رجوع ہونے والے افراد کی پریشانیوں اور مجبوریوں کو سننے پر کوئی بھی فرد اشکبار ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔پرجا دربار سے مجبور اور پریشان حال افراد روتے ' بلکتے ہوئے رجوع ہوتے ہیں اور اپنے مسائل کی یکسوئی پر دل سے دعائیں دیتے ہوئے روانہ ہوتے ہیں۔

awazurdu

کسی کا علاج تو کسی کا کرایہ ۔مختلف ضرورت مند مختلف مسئلے

پرجا دربار میں ہر قسم کے مسائل کا احاطہ

 پرجا دربار میں غریبوں کے مختلف مسائل کی یکسوئی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ہر قسم کے مسائل کا احاطہ کیا جار ہا ہے جن میں پریشان حال کرایہ دار' سود سے مشکلات کا شکار مجبور و بے کس افراد' معاشی طورپر کمزور طبقات ' معذورین ' مہلک اور خطرناک بیماریوں جیسے کینسر ' امراض قلب ' ڈائیلاسس و دیگر سے متاثرہ مریض شامل ہیں۔ بچوں کی اسکول کی فیس ' دواخانوں کے بلز ' آٹو ز کے فینانس کی ادائیگی سے لے کر رہن سنٹروں سے غریبوں کے طلائی زیورات کو چھڑانے تک کے لئے امداد کی جا رہی ہے۔

امجد اللہ خان خالد نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بات کر تے ہوئے کہا کہ غریبوں اور بیماروں کی پریشانیوں کو سن کر آنکھ سے آنسو رواں ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں ' بیوائوں اور محتاجوں کی بے لوث مدد کے جذبہ کے تحت پر جا دربار کا آغاز عمل میں لا یا گیا ۔

گزشتہ 150یوم سے پرجا دربار جاری ہے جس سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ مریضوں کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کا نظم ہے ۔ ڈاکٹر معاذ ' ڈاکٹر جاوید خان ' ڈاکٹر فیض خان و دیگر نہ صرف مریضوں کا مفت علا ج کر رہے ہیں بلکہ ادویہ بھی مفت دیئے جا رہے ہیں۔

awazurdu

ہزاروں کی امید اور سہارا ہیں امجد اللہ خان

امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ حیدرآباد کے غیور عوام فراخدلانہ تعاون کے لئے جانے جاتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے کسی بھی مقام پر کوئی بھی سانحہ پیش آتا ہے تو متاثرین کی نظریں حیدرآباد پر مرکوز ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریان حیدر آباد کے علاوہ بیرون ممالک میں مقیم مخیر حضرات غریبوں کی دل کھول کر مدد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پروردگار عالم ہم سب کی خدمات کو قبول فرمائے اور سب کی پریشانیوں اور مشکلات کو دور کرے۔امجد اللہ خان نے کہاکہ غریبوں کی دعائیں ان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے ۔

ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے

آتے ہیں جو کام دوسروں کے