حارث سمیر : بھائی ،بھائی کے نقش قدم پر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-09-2021
 حارث سمیر کی یو پی ایس سی میں شاندار کارکردگی
حارث سمیر کی یو پی ایس سی میں شاندار کارکردگی

 


شیخ محمد یونس، حیدرآباد

یقین محکم' عمل پیہم' محبت فاتح عالم

جہاد زندگانی میں ہے یہ مردوں کی شمشیریں

یوپی ایس سی سیول سرویسس 2020میں محمد حارث سمیر نے کل ہند سطح پر 270واں رینک حاصل کیا۔ حارث سمیر نے ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی حیدر آبادسے کوچنگ حاصل کی ۔ انہیں شاندار رینک کے حصول کے باعث آئی اے ایس کیڈر کے لئے منتخب کیا گیا۔ 

 حارث سمیر کی اونچی اڑان

محمد حارث سمیر ریاست کرناٹک کے بیدر سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کی دوبڑی بہنیں ایم ٹیک کامیاب ہیں۔ان کے والد محمد نعیم الدین پالی ٹیکنیک کالج میں بحیثیت لکچرر خدمات انجام دیں اور وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں۔محمد حارث کے بڑے بھائی ندیم الدین آئی پی ایس ہیں۔

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے ذمہ دار شاہد احمد نے بتایا کہ حارث کے بھائی ندیم الدین نے سال 2017 میں سیول سرویسس میں کامیابی حاصل کی تھی اور آئی آر ایس (انڈین ریونیو سرویس) کیلئے منتخب ہوئے۔

جب کہ سال 2018 میں ندیم الدین کا آئی پی ایس کیڈر کیلئے انتخاب عمل میں آیا۔ندیم الدین نے ایم ایس میں رہ کر سیول سرویس مینس امتحان تحریر کیا تھا۔انہوں نے ایم ایس کی تربیت کو قریب سے دیکھا تھا۔ان کے بھائی حارث نے ایم ایس سے رہنمائی حاصل کی اور شاندار کامیابی درج کی۔

کامیابی کا سہرا والدین اور بھائی کے سر

حارث سمیر نے آواز دی وائس کے نمائندہ سے بذریعہ فون بات کرتے ہوئے اپنی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ان کی کامیابی کا سہرا ان کے والدین اور بڑے بھائی ندیم الدین آئی پی ایس کے سرجاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی نے ہر موڑ پر ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔

عزم مصمم اور بھائی کی ترغیب

حارث سمیر نے بتایا کہ انجینئرنگ کی تکمیل کے بعد وہ انٹل میں چھ ماہ تک ملازمت کی۔بعدازاں ملازمت سے استعفیٰ دے دیا اور دہلی میں ہمدرد اسٹڈی سرکل میں داخلہ حاصل کیا۔

حارث نے پریلمس امتحان میں شرکت کی۔تاہم کامیاب نہیں ہوئے۔حارث کے بھائی ندیم الدین نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں دوبارہ کوشش کرنے کی کامیاب ترغیب دی۔حارث نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریسڈنشیل کوچنگ اکیڈیمی میں داخلہ حاصل کیا اور پریلمس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔اس دوران کورونا وباء کے باعث لاک ڈاون کا نفاذ عمل میں آیا۔

ایسے نازک اور سنگین حالات میں حارث اپنے مکان واپس لوٹ گئے۔چونکہ سیول سرویسس کے مینس امتحان کیلئے ان کا سنٹر حیدرآباد تھا وہ ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی سے رجوع ہوئے اور ایم ایس کی رہنمائی میں مینس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔حارث نے بتایا کہ اب آخری اور قطعی مرحلہ انٹرویو کا تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ تمثیلی انٹرویو کیلئے دہلی میں بہترمواقع ہوتے ہیں۔ لہذا وہ دوبارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ روانہ ہوئےاوروہاں انٹرویو کیلئے تیاری کی اور سیول سرویسس میں الحمد للہ کامیابی حاصل کی۔

حارث نے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی ندیم الدین ' سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں آئی پی ایس کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھائی ندیم الدین' جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے تعاون و رہنمائی کے باعث وہ آج اس مقام پر ہیں اور وہ اپنی کامیابی کیلئے سب کو کریڈٹ دیتے ہیں۔

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدرنشین محمد عبداللطیف خان ' منیجنگ ڈائرکٹر انوراحمد اور سینئر ڈائرکٹر محمد معظم حسین نے فیضان احمد اور حارث سمیر کی کامیابی پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور بارگاہ ایز دی میں شکر بجا لایا۔