انکیتا کی جان بچانے کے لئے پانچ مسلمانوں نے توڑا روزہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2023
انکیتا کی جان بچانے کے لئے پانچ مسلمانوں نے توڑا روزہ
انکیتا کی جان بچانے کے لئے پانچ مسلمانوں نے توڑا روزہ

 

نئی دہلی: انسانیت سے بڑا کون سا مذہب ہو سکتا ہے؟ پانچ مسلم نوجوانوں نے اسی مذہب کی پیروی کی ہے۔ انہوں نے کینسر سے لڑنے والی 14 سالہ لڑکی کی جان بچائی ہے۔ اس لڑکی کو خون کی اشد ضرورت تھی۔ ان نوجوانوں نے خون کا عطیہ دینے کے لیے روزہ توڑ دیا۔ لڑکوں کا خیال ہے کہ شاید اللہ تعالیٰ نے انہیں اس نیک مقصد کے لیے چنا ہے۔ بچی کی جان بچانے کے بعد انہیں جو روحانی خوشی ملی ہے اس کا تصور بھی کہیں اورنہیں کیا جا سکتا۔

ان لڑکوں نے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں ایک ضرورت مند لڑکی کو وقت پر خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی حقیقی مثال قائم کی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ بچی کے گھر والوں کو بھی نہیں جانتے تھے۔ اس کے باوجود وہ بچی کے لیے فرشتہ رحمت بن کر آئے۔ معاملہ اتراکھنڈ کا ہے۔

دوئی والاعلاقہ دہرادون کے مضافات میں ہے۔ یہاں کی رہنے والی انکیتا کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسے فوری طور پر پانچ یونٹ خون کی ضرورت تھی۔ انکیتا کو بلڈ کینسر ہے۔ انکیتا کے والد بیاس منی ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتے ہیں۔ بنیادی طور پر وہ بہار سے ہیں۔ یہ خاندان گزشتہ 10 سالوں سے ہریدوار میں رہ رہا ہے۔

انکیتا نے حال ہی میں 8ویں کا امتحان پاس کیا ہے۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل گھر والوں کو انکیتا کے خون کے کینسر کا علم ہوا۔ یہ اس کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں تھا۔ خون کی منتقلی انکیتا کے علاج کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کی زندگی کے لیے مزید اس طرح کی منتقلی کی ضرورت ہوگی۔

انکیتا کے والد بتاتے ہیں کہ یہ لڑکے ان کے لیے بالکل اجنبی تھے۔ان کے لئے فرشتہ رحمت بن کر آئے تھے۔ بیٹی کو وقت پر خون دینے پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ وہ ایسے وقت میں آئے ،جب ہم نے ساری امیدیں چھوڑ دی تھیں۔ بیاس منی انہیں فرشتہ قرار دیتے ہیں۔ کینسر میں مبتلا لڑکی کو خون دینے والے لڑکوں میں شاہ رخ ملک، ذیشان علی، آصف علی، وحشی علی اور ساحل علی شامل تھے۔ ان کی عمریں 24 سے 26 سال کے درمیان ہیں۔

شاہ رخ نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے میرا روزہ قبول کر لیا ہے۔ اس نے بچے کی جان بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وہ خوش ہے کہ خدا نے اسے اس کے لیے چنا ہے۔ نوجوانوں نے بتایا کہ بچی کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے روزہ توڑنے کا فیصلہ کیا۔ رمضان المبارک میں غروب آفتاب سے پہلے کھانے پینے کی اجازت نہیں ہے۔ انجیکشن بھی نہیں لگا سکتے۔

شاہ رخ، دوئی والا میں ڈیری شاپ چلانے میں اپنے والد کی مدد کرتاہے۔ ذیشان، آصف اور وحشی پلمبر کا کام کرتے ہیں۔ ساحل خاندان کے فرنیچر پالش کے کاروبار میں ہاتھ بٹاتا ہے۔ شاہ رخ کو سوشل میڈیا کے ذریعے خون کی ضرورت کا علم ہوا۔ اس نے فوراً اپنے کچھ دوسرے دوستوں کو اس کے لیے تیار کیا۔ پیغام ملتے ہی وہ خون کا عطیہ دینے ہسپتال پہنچ گئے۔