ترپال کا گھر مگر جیتا گولڈ، 17سالہ پہلوان کا کارنامہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2025
ترپال کا گھر مگر جیتا گولڈ،  17سالہ پہلوان کا کارنامہ
ترپال کا گھر مگر جیتا گولڈ، 17سالہ پہلوان کا کارنامہ

 



ہونے: پونے کے 17 سالہ پہلوان سنی فُلمالی نے بحرین میں ایشیائی یوتھ ریسلنگ چیمپئن شپ میں ہندوستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ کامیابی آسان نہیں تھی , سنی نے بے پناہ مشکلات کے بیچ اپنا سفر طے کیا ہے۔ وہ پونے کے لوہےگاؤں علاقے میں رہتے ہیں، جہاں ان کا گھر ایک ترپال کے نیچے بنا ہوا ہے۔ ان کے گھر تک پہنچنے کا راستہ بھی بہت خراب ہے، چاروں طرف کیچڑ ہے۔ ان حالات کو دیکھ کر کسی کی بھی آنکھ نم ہو جائے۔

حال ہی میں ایشیائی یوتھ ریسلنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والے سنی فُلمالی نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والد اور دادا کو دیا جنہوں نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے بھائیوں کو بھی کشتی کی تربیت دی۔ انہوں نے اپنے کوچ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے چار سے پانچ برس تک ان کے تمام اخراجات برداشت کیے تاکہ وہ اپنی کشتی کا سفر جاری رکھ سکیں۔

سنی فُلمالی نے بحرین میں ہونے والی ایشیائی یوتھ ریسلنگ چیمپئن شپ 2025 کے بیچ ریسلنگ ایونٹ میں ایران کے امیر علی دومیر کُولائی کو 60 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ان کی یہ جیت ہندوستان ی کشتی کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے، جو اس کھیل میں ملک کی بڑھتی ہوئی برتری کو ظاہر کرتی ہے۔

سنی نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، میرے دادا گاؤں میں کشتی لڑتے تھے۔ انہوں نے میرے والد کو پہلوان بنایا۔ میرے والد نے ہمیں، یعنی مجھے اور میرے بھائیوں کو تربیت دی۔ پھر میرے کوچ نے مجھے گود لیا اور چار پانچ سال تک میرے تمام اخراجات برداشت کیے۔

سنی کے والد سُبہاش فُلمالی نے اپنے بیٹے کے لیے کی گئی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی روزمرہ کی کمائی میں سے سنی کی تربیت کے لیے پیسے بچاتے تھے، یہاں تک کہ کئی بار گھر والوں کو کم کھانا پڑتا تھا تاکہ سنی کی پریکٹس متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا، میں دن بھر جو کماتا تھا، وہ سنی کی کشتی کے لیے بچاتا تھا۔ ہم نے کئی بار کم کھایا تاکہ اس کی تربیت جاری رہے۔ ایک سال بعد سندیپ اپا بھونڈوے ان کی کارکردگی سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے سنی کو گود لے لیا اور اس کے تمام اخراجات خود اٹھائے۔ میری خواہش ہے کہ وہ ایک دن اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرے اور ملک کے لیے تمغہ جیتے۔

سنی کے بھائی سورج فُلمالی نے بتایا کہ سنی کی جیت کی خبر سن کر پورا خاندان خوشی سے جھوم اٹھا۔ انہوں نے اپنے گھر کے مشکل حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ہم ایک جھونپڑ پٹی میں رہتے ہیں، کوئی سہارا نہیں ہے۔ ہمارے والدین سڑک پر زیورات بیچ کر گزر بسر کرتے ہیں۔ سنی نے جب تمغہ جیتا تو اس نے سب سے پہلے ہمارے والدین کو فون کیا۔ ہم سب بہت خوش تھے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ سنی کی مدد کرے تاکہ وہ آگے بڑھ سکے۔