نئی دہلی
یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے ایک عوامی خط میں آمنے سامنے ملاقات اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔روس کی جانب سے 2022 میں یوکرین پر مکمل فوجی حملہ شروعکیے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ زیلنسکی نے براہِ راست پوتن کے نام ایک عوامی خط لکھا ہے۔ اس خط میں روسی صدر کے 26 سالہ اقتدار پر بھی تنقید کی گئی ہے۔
زیلنسکی نے خط میں امریکا کی بدلتی ہوئی ترجیحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران سے متعلق جنگی صورتحال پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تو ایسے وقت میں صرف اس انتظار میں بیٹھے رہنا مناسب نہیں ہوگا کہ امریکا دوبارہ یوکرین جنگ کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔
زیلنسکی نے لکھا کہ میں ایک ملاقات کی تجویز پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میزبانی کوئی تیسرا غیر جانبدار ملک کر سکتا ہے۔ انہوں نے ماسکو اور کیف دونوں کو مذاکراتی مقام کے طور پر مسترد کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ، ترکیہ یا کسی عرب ملک کو ممکنہ میزبان کے طور پر تجویز کیا۔انہوں نے لکھا کہ اہم مسائل کا حل رہنما ہی نکالتے ہیں۔ ہمیشہ ایسا ہی ہوتا آیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔
زیلنسکی نے مزید کہا کہ میں ایسی ملاقات کے لیے ایک واضح تاریخ مقرر کرنے کی تجویز دیتا ہوں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کی خفیہ معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ روس جنگ کو 2027 اور 2028 تک طول دینے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے اور زمینی کارروائیوں سے جو اہداف حاصل نہیں ہو سکے، انہیں اب بیلسٹک میزائل حملوں کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
زیلنسکی نے روس پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ بیلاروس کو جنگ میں مزید گہرائی تک شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور روس کے حمایت یافتہ مالدووا کے علاقے ٹرانسنیسٹریا کے اطراف صورتحال کو غیر مستحکم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔یوکرینی صدر نے روس کے اندرونی علاقوں تک ڈرون حملوں، معاشی دباؤ، ایندھن کی قلت، بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مزید فوجی بھرتیوں کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس مسلسل جنگ کی قیمت چکا رہا ہے۔
زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ مئی کے دوران روس کے 30 ہزار سے زائد فوجی ہلاک یا شدید زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق یوکرین کے پاس میدانِ جنگ میں ہونے والے نقصانات کی ویڈیو شواہد موجود ہیں اور ہلاکتوں اور زخمیوں کی یہ تعداد مسلسل برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو بھی بھاری اور تکلیف دہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم ان کے بقول ہلاکتوں کے تناسب کے اعتبار سے روس کی صورتحال یوکرین کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین مذاکرات کے دوران مکمل جنگ بندی نافذ کرنے کے لیے تیار ہے اور جنگ کے خاتمے کی جانب پہلے قدم کے طور پر قیدیوں کے تبادلے کی تجویز پیش کرتا ہے۔