زیلنسکی نے امن معاہدے کو مسترد کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-01-2026
زیلنسکی نے امن معاہدے کو مسترد کیا
زیلنسکی نے امن معاہدے کو مسترد کیا

 



کیف/ آواز دی وائس
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں واضح کیا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کا خواہاں ہے، تاہم وہ کسی ایسے امن معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جو اس کی خودمختاری کو کمزور کرے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ کسی بھی ایسے سمجھوتے کو مسترد کر دیں گے جسے وہ کمزور یا عارضی سمجھیں۔
بدھ کی رات اپنے دفتر سے دیے گئے 21 منٹ طویل خطاب میں، جس کے پس منظر میں نئے سال کا درخت موجود تھا، زیلنسکی نے تقریباً چار برس سے جاری جنگ کے باعث یوکرینی عوام میں بڑھتی ہوئی تھکن کا اعتراف کیا، لیکن کہا کہ اس تھکن کو شکست نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے اس جنگ کے دورانیے کا موازنہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران یوکرین کے بعض حصوں پر نازی قبضے کے عرصے سے کیا۔
گہرے سبز رنگ کی روایتی کڑھائی والی یوکرینی قمیص پہنے زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کیا چاہتا ہے؟ امن؟ ہاں۔ ہر قیمت پر؟ نہیں۔ ہم جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، لیکن یوکرین کا خاتمہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا ہم تھک چکے ہیں؟ بہت زیادہ۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار ہیں؟ جو ایسا سمجھتا ہے وہ سخت غلطی پر ہے۔ زیلنسکی نے خبردار کیا کہ طاقت سے خالی سمجھوتے صرف لڑائی کو طول دیں گے اور کہا کہ کمزور معاہدوں پر کیے گئے دستخط جنگ کو مزید بھڑکاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا دستخط ایک مضبوط معاہدے پر ہوگا، اور اس وقت ہر ملاقات، ہر فون کال اور ہر فیصلہ اسی مقصد کے لیے ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقصد ایسا مضبوط امن حاصل کرنا ہے جو ایک دن، ایک ہفتے یا دو مہینوں کے لیے نہیں بلکہ برسوں کے لیے ہو۔
زیلنسکی نے بتایا کہ امریکا کی قیادت میں حالیہ سفارتی کوششوں سے مذاکرات تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں، جن میں گزشتہ ہفتے فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن معاہدہ نوّے فیصد تیار ہے، دس فیصد باقی ہے۔ یہی دس فیصد سب کچھ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، یہی دس فیصد امن کی تقدیر، یوکرین اور یورپ کے مستقبل اور لوگوں کی زندگیوں کا فیصلہ کرے گا۔ یہ خطاب ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور اس کے اتحادی کسی سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے کوششیں تیز کر رہے ہیں، حالانکہ خاص طور پر علاقائی معاملات پر بڑے اختلافات اب بھی حل طلب ہیں۔
اس وقت روس یوکرین کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر قابض ہے اور کسی بھی معاہدے کے تحت مشرقی ڈونباس خطے پر مکمل کنٹرول کا مطالبہ کر رہا ہے، جسے کیف نے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ علاقائی رعایتیں مستقبل میں مزید جارحیت کی دعوت دیں گی۔ بعد ازاں زیلنسکی نے ایکس پر جاری کیے گئے نئے سال کے علیحدہ ویڈیو پیغام میں بھی اپنے مؤقف کو دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ آئیے سب سے اہم بات سے آغاز کریں۔ یوکرین کیا چاہتا ہے؟ امن؟ ہاں۔ ہر قیمت پر؟ نہیں۔
انہوں نے پھر کہا کہ ہم جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، لیکن یوکرین کا خاتمہ نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر طویل جنگ کے بوجھ کا ذکر کیا، تاہم ہتھیار ڈالنے کے خیالات کو مسترد کیا۔ زیلنسکی نے کہا کہ کیا ہم تھک چکے ہیں؟ بے حد۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہار ماننے کے لیے تیار ہیں؟ جو ایسا سوچتے ہیں وہ بری طرح غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے یوکرین کی مضبوطی کو ثابت کیا ہے اور یہ بھی کہ روس اس قوم کے مزاج کو سمجھنے میں ناکام رہا ہے جس کا وہ سامنا کر رہا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ان تمام برسوں میں وہ یہ نہیں سمجھ سکا کہ یوکرینی کون ہیں۔ یوکرینی صدر نے کہا کہ کسی بھی امن معاہدے میں ایسے ضمانتی انتظامات شامل ہونا چاہییں جو ملک کی آزادی کا تحفظ کریں اور دوبارہ حملوں کو روکیں۔ ان کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب امریکی حکام، جن میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں، نے یوکرینی اور یورپی سکیورٹی مشیروں کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے اقدامات پر بات چیت کی۔
یہ جنگ اب اپنے پانچویں کیلنڈر سال میں داخل ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں یوکرین بھر میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور کئی شہر مکمل طور پر کھنڈر بن چکے ہیں۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے نئے سال کی شب اپنے خطاب میں روسی عوام سے فتح پر یقین رکھنے کی اپیل کی۔ جن فوجیوں کو انہوں نے “ہیرو” قرار دیا، ان سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے کہا کہ ہم آپ پر اور اپنی فتح پر یقین رکھتے ہیں۔ کریملن نے کہا کہ نووگورود علاقے میں پوتن کی رہائش گاہ کے قریب مبینہ ڈرون حملوں کے الزام کے بعد وہ مذاکراتی مؤقف کو مزید سخت کرے گا۔ ماسکو نے اس مبینہ واقعے کو “ذاتی” اور “دہشت گردانہ حملہ” قرار دیا، تاہم دستیاب عوامی شواہد اس دعوے کی تصدیق نہیں کرتے۔