روس کے کیف پر مہلک حملے کے بعد زیلینسکی نے پوتن کو جنگی انسان قرار دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 28-12-2025
روس کے کیف پر مہلک حملے کے بعد زیلینسکی نے پوتن کو جنگی انسان  قرار دیا
روس کے کیف پر مہلک حملے کے بعد زیلینسکی نے پوتن کو جنگی انسان قرار دیا

 



 نووا اسکاٹیا :روس کی جانب سے کیف اور قریبی علاقوں پر تازہ فضائی حملوں کے بعد یوکرین کے صدر وولوڈیمیر زیلینسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو جنگ کا آدمی قرار دیا۔ زیلینسکی نے یہ بیان کینیڈا کے شہر ہیلیفیکس میں کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور وہ جنگ کا آدمی ہے۔ زیلینسکی نے یہ بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فلوریڈا میں ہونے والی ملاقات سے ایک دن قبل کہی۔

زیلینسکی کینیڈا میں مختصر قیام کے دوران امریکی صدر سے آئندہ اتوار کو ہونے والی ملاقات کی تیاری کر رہے تھے جہاں وہ تقریباً چار سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کرنے والے ہیں۔ ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ کسی بھی امن تجویز کے لیے ان کی منظوری ضروری ہوگی۔ کینیڈا میں قیام کے دوران زیلینسکی نے وزیر اعظم مارک کارنی کے علاوہ نیٹو اور یورپی یونین کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

زیلینسکی نے زور دیا کہ میدان جنگ اور سفارتی سطح دونوں پر مضبوط موقف اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ روسی صدر پوتن کو جنگ کے حقیقی اور منصفانہ خاتمے سے بچنے یا اسے طول دینے کا موقع نہ ملے۔ ملاقاتوں کے بعد انہوں نے ایکس پر لکھا کہ محاذ اور سفارت کاری دونوں میں مضبوط مؤقف کی ضرورت ہے تاکہ پوتن کو ہیرا پھیری اور جنگ کے منصفانہ انجام سے بچنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کی بھرپور طاقت موجود ہے۔

یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے اطراف کے علاقوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے جن میں کم از کم دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ زیلینسکی کے مطابق روس نے اس حملے میں 500 سے زائد ڈرون اور 40 سے زیادہ میزائل داغے۔ سی این این کے مطابق یہ حملہ 10 گھنٹے سے زائد جاری رہا جس کے باعث کیف میں معمولات زندگی متاثر ہوئے اور کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

زیلینسکی نے ایکس پر کہا کہ گزشتہ رات سے ایک اور روسی حملہ جاری ہے جس میں تقریباً 500 ڈرون جن میں بڑی تعداد شہید ڈرونز کی ہے اور 40 میزائل شامل ہیں جن میں کنژال میزائل بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل ہدف کیف ہے جہاں توانائی کے مراکز اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق افسوسناک طور پر رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور ایک عمارت کے ملبے تلے دبے شخص کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت اور اس کے اطراف کے کچھ علاقوں میں اس وقت بجلی اور حرارت کی فراہمی معطل ہے جبکہ آگ بجھانے اور مرمت کے کام جاری ہیں۔

یہ حملہ زیلینسکی کی جانب سے ٹرمپ کے ساتھ آئندہ ملاقات کی تصدیق کے ایک دن بعد ہوا۔ یوکرینی صدر اتوار دسمبر 28 2025 کو فلوریڈا کے مار اے لاگو میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے جہاں امن منصوبے اور ممکنہ امریکی سلامتی ضمانتوں پر بات چیت متوقع ہے۔