ہند-جاپان سفارتی تعلقات کے 75 سال، تقریبات کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2026
ہند-جاپان سفارتی تعلقات کے 75 سال، تقریبات کا اعلان
ہند-جاپان سفارتی تعلقات کے 75 سال، تقریبات کا اعلان

 



نئی دہلی: بھارت اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دونوں ممالک 2027 میں مختلف تقریبات، ثقافتی پروگراموں، کھیلوں، کاروباری سرگرمیوں اور عوامی روابط کے ذریعے اس تاریخی موقع کا جشن منائیں گے۔

وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ دونوں حکومتیں اپنے متعلقہ اداروں کے تعاون سے سال 2027 کو "انڈیا-جاپان ایئر آف شیئرڈ ہورائزنز" کے طور پر منائیں گی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور جاپان کی وزیراعظم سانے تاکائیچی نے بھی ان کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک سال بھر مشترکہ یادگاری پروگرام منعقد کریں گے، جن میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اعلان کے مطابق 28 اپریل 2027 سے شروع ہونے والے ہفتے کو "انڈیا-جاپان ویک" کے طور پر منایا جائے گا، جس کے دوران مختلف تقریبات اور عوامی رابطہ مہمات چلائی جائیں گی۔

بھارت اور جاپان کے تعلقات کو 2000 میں گلوبل پارٹنرشپ، 2006 میں اسٹریٹیجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ اور 2014 میں اسپیشل اسٹریٹیجک اینڈ گلوبل پارٹنرشپ کا درجہ دیا گیا تھا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق دوسری جنگِ عظیم کے بعد بھارت نے سان فرانسسکو کانفرنس میں شرکت نہیں کی، بلکہ 28 اپریل 1952 کو جاپان کے ساتھ علیحدہ امن معاہدہ کیا، جس سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد سے تعلقات سیاست، دفاع، معیشت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں تک پھیل چکے ہیں۔

پلاٹینم جوبلی تقریبات کے تحت دونوں ممالک کے عوام سے مستقبل کی شراکت داری کی عکاسی کرنے والا لوگو اور تھیم تیار کرنے کے لیے مقابلہ بھی کرایا جائے گا۔ جاپانی مانگا، اینی میشن، اینیمے اور گیمنگ کی بھارتی نوجوانوں میں بڑھتی مقبولیت اور بھارت میں اینیمیشن، گیمنگ، کامکس اور جدید تخلیقی ٹیکنالوجی کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے IMAGE-75 پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد عوامی روابط بڑھانا اور مشترکہ تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اسی طرح RASA-75 کے نام سے ایک سالہ ثقافتی پروگرام شروع ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے فنونِ لطیفہ، موسیقی، رقص، روایتی فنون اور ثقافتی اداروں کے فنکار اور نوجوان تخلیق کار شریک ہوں گے۔

جاپان سے ایک بدھ مت وفد کو بھارت مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ اہم بدھ مذہبی مقامات کی زیارت کرے۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے تہذیبی اور روحانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور جاپان سے بھارت آنے والے بدھ سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ تقریبات میں کاروبار، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے بھی شامل ہوں گے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق SPORT-75 پروگرام کے تحت کھیلوں کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دیا جائے گا، خاص طور پر بھارت کی 2036 کے اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی میزبانی کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے۔

اس سلسلے میں ایچی-ناگویا ایشیائی کھیل 2026 کے دوران بھارت اور جاپان کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ بھی کھیلا جائے گا، جو 75 سالہ تقریبات کا پیش خیمہ ہوگا۔ اس کے علاوہ Cricket Kizuna-75 پروگرام کے تحت بھارت سے دو کرکٹ کوچ جاپان جائیں گے اور وہاں ایک ہفتے تک نوجوان جاپانی کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، تاکہ نوجوانوں اور کھیلوں کے شعبے میں باہمی روابط مزید مضبوط ہوں۔ فروری 2027 میں انڈیا-جاپان اسپورٹس ویک بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں دہلی-این سی آر میں ایکیڈن (ریلے دوڑ) سمیت مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی۔

دونوں ممالک کے درمیان آئندہ مرحلے کی اسٹریٹیجک شراکت داری کے لیے ماہرین، تعلیمی اداروں، صنعت اور نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا تاکہ دونوں حکومتوں کے لیے مشترکہ پالیسی تجاویز تیار کی جا سکیں۔ اسی مقصد کے تحت آئیڈیاتھون کے دوسرے ایڈیشن کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں بھارت اور جاپان کے طلبہ شریک ہوں گے اور بھارت کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہوئے اختراعی خیالات پر کام کریں گے۔

کاروباری شعبے میں Business Connect-75 پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے بھارتی کاروباری مراکز کو جاپان کے علاقائی بینکوں اور ان کے صنعتی اداروں سے براہِ راست جوڑا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے بھارت سے متعلق روڈ شوز، کاروباری گول میز اجلاس، صنعتی کلسٹرز کے دورے اور خصوصی تجارتی ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں جاپانی علاقائی بینک، بھارتی ریاستیں، مالیاتی ادارے، صنعتی تنظیمیں اور کاروباری انجمنیں شریک ہوں گی۔