امریکہ: سڑک حادثہ میں تلنگانہ کی 24 سالہ طالبہ ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-05-2026
امریکہ: سڑک حادثہ میں تلنگانہ کی 24 سالہ طالبہ ہلاک
امریکہ: سڑک حادثہ میں تلنگانہ کی 24 سالہ طالبہ ہلاک

 



نلگنڈہ
امریکہ میں ماسٹر آف سائنس (ایم ایس) کی تعلیم حاصل کرنے والی 24 سالہ ہندوستانی طالبہ سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئی۔ اہلِ خانہ کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ سنیچر کی رات پیش آیا۔متوفیہ کی شناخت نویا گڈوسو کے طور پر ہوئی ہے، جو تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے نارکٹ پلی منڈل کے چرواگٹو گاؤں کی رہنے والی تھیں۔خاندان کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار نے اُس گاڑی کو ٹکر مار دی جس میں نویا سفر کر رہی تھیں۔ وہ اپنے پارٹ ٹائم کام سے گھر واپس جا رہی تھیں۔ اہلِ خانہ نے بتایا کہ انہیں اس المناک حادثے کی اطلاع امریکہ میں موجود نویا کے دوستوں سے ملی۔
متوفیہ کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ نویا دو سال پہلے ایم ایس کی تعلیم کے لیے امریکہ گئی تھیں۔ ہمیں اس حادثے کی خبر ان کے دوستوں سے ملی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ پارٹ ٹائم کام پر جا رہی تھیں تو ایک تیز رفتار کار نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ان کا انتقال ہو گیا۔ ہم نے اس بارے میں وزیر کوماتی ریڈی وینکٹ ریڈی کو اطلاع دے دی ہے اور حکام امریکی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔نویا کی موت امریکہ کے شہر شکاگو کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم میں ہوئی۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ انڈیانا کے کراؤن پوائنٹ علاقے میں انٹرسٹیٹ 65 پر سنیچر کی رات دیر گئے پیش آیا۔ یہ معلومات انڈیانا اسٹیٹ پولیس کے حوالے سے دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر نارتھ باؤنڈ آئی-65 پر کراؤن پوائنٹ ایگزٹ سے تقریباً ایک میل جنوب میں پیش آیا۔ موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے دیکھا کہ ایک کار سڑک کی درمیانی اور دائیں لین کو روکے ہوئے تھی، جبکہ ایک سرخ منی وین سڑک کے کنارے کھائی میں جا گری تھی۔
شکاگو میں ہندوستانی قونصل خانہ نے نویا گڈوسو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔قونصل خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم شکاگو کے قریب سڑک حادثے میں ہندوستانی طالبہ نویا گڈوسو کی المناک موت پر انتہائی افسردہ ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہماری دلی تعزیت ان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہے۔ قونصل خانہ متوفیہ کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ہم ان دوستوں اور مقامی کمیونٹی کے اراکین سے بھی رابطے میں ہیں جو حادثے میں زخمی ہونے والوں کی مدد کر رہے ہیں۔
اس حادثے میں مزید تین افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ سات بالغ افراد کو لے جانے والی منی وین انتہائی کم رفتار، یعنی تقریباً 10 سے 15 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دائیں لین میں چل رہی تھی، کیونکہ وہ ایک ایسی گاڑی کے پیچھے تھی جس میں فنی خرابی آ گئی تھی۔
پولیس کے مطابق کار کے ڈرائیور کو اندازہ نہیں ہو سکا کہ منی وین کتنی آہستہ چل رہی ہے، جس کے بعد اُس نے تصادم سے بچنے کے لیے بائیں جانب موڑنے کی کوشش کی۔ تاہم کار منی وین کے بائیں حصے سے ٹکرا گئی، جس کے باعث منی وین سڑک سے نیچے کھائی میں جا گری۔ فنی خرابی والی گاڑی اس حادثے میں شامل نہیں تھی۔
مزید تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ منی وین میں صرف اگلی جانب دو نشستیں تھیں، جبکہ باقی پانچ افراد آم کے ڈبوں پر بغیر سیٹ بیلٹ کے بیٹھے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق حادثے میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ ابتدا میں چار زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بعد میں مزید علاج کے لیے انہیں شکاگو کے مختلف اسپتالوں میں بھیجا گیا۔