کیف :اتوار کو روسی ڈرون اور میزائل حملوں میں یوکرین کے دارالحکومت کیف میں 12 سالہ بچی سمیت 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 70 افراد زخمی ہوگئے۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق روس نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے 100 سے زائد سول عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
یہ گزشتہ ماہ کے اس فضائی حملے کے بعد پہلا بڑا حملہ ہے جس میں کم از کم 21 افراد مارے گئے تھے۔
یوکرینی صدر کی عالمی اپیل
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے اختتام کے بعد یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی:
"خاموش نہ رہیں جبکہ روس اس جنگ کو مسلسل کھینچ رہا ہے۔"
انہوں نے بتایا کہ کیف کے علاوہ زاپوریزیا، خمیلنیتسکی، سومی، میکولائیو، چیرنیہیف اور اوڈیسا کے خطوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ زیلنسکی کے مطابق پورے ملک میں زخمیوں کی تعداد 70 تک پہنچ گئی۔
امریکی و روسی ردِعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے روسی ڈرونز کو مار گرائیں۔ انہوں نے زیلنسکی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
"وہ زبردست انداز میں لڑ رہے ہیں۔"
دوسری جانب روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ماسکو کا یورپ پر حملے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن اگر اس پر حملہ ہوا تو "جارحانہ جواب" دیا جائے گا۔
کیف انتظامیہ اور یوکرینی فضائیہ کی تفصیل
کیف سٹی ایڈمنسٹریشن کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے ٹیلیگرام پر لکھا:
"روسیوں نے ایک بار پھر بچوں کی اموات کا کاؤنٹر شروع کر دیا ہے۔"
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے اتوار کو 595 ڈرونز اور ڈیکوائزاور 48 میزائلداغے۔ ان میں سے یوکرین نے 566 ڈرونز اور 45 میزائلکو گرا دیا یا ناکام بنا دیا۔
زاپوریزیا میں صورتحال
زاپوریزیا کے علاقائی سربراہ ایوان فیدوروف نے کہا کہ علاقے میں 27 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ دو درجن سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
زیلنسکی کا سخت بیان
زیلنسکی نے ایک بار پھر عالمی دباؤ بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا:
"یہ گھناؤنا حملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہفتے کے اختتام پر ہوا، اور یہ روس کی اصل پوزیشن ظاہر کرتا ہے۔ ماسکو لڑائی اور قتل جاری رکھنا چاہتا ہے اور اسے دنیا کی طرف سے سب سے سخت دباؤ کا سامنا کرنا چاہیے۔"