واشنگٹن ڈی سی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں سال شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔صحافیوں نے وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں ٹرمپ سے دونوں رہنماؤں کے ممکنہ اجلاس کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہاں وہ کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کو بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کم جونگ اُن کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں اور یہ بات عالمی تعلقات کے لیے منفی نہیں بلکہ مثبت ہے۔
ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کم جونگ اُن کے پاس 57 انتہائی طاقتور جوہری ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو اتنے جوہری ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تھی۔ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ اس وقت صدر ہوتے تو ایسا ہونے کی اجازت نہ دیتے۔ تاہم اب یہ ہتھیار شمالی کوریا کے پاس ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
امریکی صدر نے کم جونگ اُن کے ساتھ اپنے تعلقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کو اچھی طرح جانتے ہیں اور موجودہ امریکی قیادت سمجھ داری سے کام لے تو خطے کی صورتحال بہتر رہ سکتی ہے۔اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ کم جونگ اُن نے ہمیشہ ان کے ساتھ بہت احترام کا برتاؤ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے متعدد مرتبہ ملاقات کی اور ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سابق صدور بارک اوباما اور جو بائیڈن کے ساتھ کم جونگ اُن کے مبینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان تعلقات مختلف ہیں۔ ان کے مطابق ان کی کوششوں کا مقصد جزیرہ نما کوریا کی صورتحال کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کو جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں نمایاں کمی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹرمپ نے کم جونگ اُن کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان فوجی مشقوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو یہ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت میں کم جونگ اُن کے ساتھ پہلی ملاقات ہوگی۔
ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان 2018 سے 2019 کے دوران 3 تاریخی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات جون 2018 میں سنگاپور میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان نئے تعلقات قائم کرنے۔ مستقل امن کے لیے کام کرنے اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔دوسری ملاقات فروری 2019 میں ویتنام کے شہر ہنوئی میں ہوئی۔ تاہم پابندیوں میں نرمی اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کے دائرہ کار پر اختلافات کے باعث مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے۔جون 2019 میں دونوں رہنماؤں کی تیسری ملاقات غیر فوجی علاقے پان من جون میں ہوئی۔ اس موقع پر ٹرمپ شمالی کوریا کی سرزمین میں قدم رکھنے والے پہلے موجودہ امریکی صدر بن گئے تھے۔ دونوں رہنماؤں نے مختصر ملاقات کے دوران جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔